’نیا نقاب پہنے جنگل راج‘ پر بھروسہ نہ کریں: شاہ کی بہار کے عوام سے اپیل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
’نیا نقاب پہنے جنگل راج‘ پر بھروسہ نہ کریں: شاہ کی بہار کے عوام سے اپیل
’نیا نقاب پہنے جنگل راج‘ پر بھروسہ نہ کریں: شاہ کی بہار کے عوام سے اپیل

 



پٹنہ: مرکزی وزیر داخلہ امِت شاہ نے ہفتہ کو بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ’’نئے نقاب میں جنگل راج‘‘ پر اعتماد نہ کریں اور امید ظاہر کی کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) ریاست میں اقتدار قائم رکھے گا۔ پٹنہ میں ’اے بی پی نیوز‘ اور ’ہندوستان گروپ‘ کے زیر اہتمام منعقدہ ’بہار سماگم‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی قیادت والا ’انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس‘ (INDIA) دراصل ’’جنگل راج کا نیا روپ‘‘ ہے، جبکہ این ڈی اے نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ریاست کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’’میں بہار کی عوام کا آشیرواد لینے آیا ہوں۔ گزشتہ 20 برسوں میں ہم نے اس ریاست کو اندھیر نگری سے باہر نکالا ہے۔ اب وقت ہے کہ اس مضبوط بنیاد پر ایک مضبوط عمارت کھڑی کی جائے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ جنگل راج واپس لانے والوں پر بھروسہ نہ کریں، چاہے وہ نئے چہرے یا اتحاد کے طور پر ہی کیوں نہ آئیں۔‘‘

وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا: ’’میں لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ نتیش کمار کی قیادت میں انتخاب لڑنے والے این ڈی اے کو ایک اور موقع دیں۔ اس سے ہمیں سالوں کی جاری ترقی کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی — مرکز میں مودی اور ریاست میں نتیش۔‘‘

بی جے پی کے سینئر رہنما امِت شاہ نے نئی سیاسی جماعت ’جن سوراج پارٹی‘ کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جو سابق انتخابی حکمتِ کار پرشانت کشور کی جماعت ہے اور جسے کئی مبصرین ایک ’چھپا رستم‘ قرار دے رہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ جن سوراج پارٹی نے بی جے پی کے متعدد لیڈروں پر سنگین الزامات لگائے ہیں تو شاہ نے مختصر مگر سخت جواب دیتے ہوئے کہا: ’انہوں نے ایک نئی پارٹی بنائی ہے، جو پہلی بار انتخاب لڑ رہی ہے۔ ہم ان پر تبصرہ کریں گے جب ووٹوں کی گنتی مکمل ہو جائے گی اور نتائج سامنے آ جائیں گے۔‘

‘ شاہ نے حزبِ اختلاف کے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ این ڈی اے حکومت نے اپنے پورے دورِ اقتدار میں عوام کے مسائل کو نظرانداز کیا اور اب انتخابات سے قبل ’مفت کی ریوڑیاں‘ بانٹ رہی ہے۔ انہوں نے طنز کیا: ’’اپوزیشن خود الجھی ہوئی ہے۔ انہیں یہ تک نہیں معلوم کہ اتحاد کی قیادت کون کرے گا، کون کہاں سے لڑے گا۔ آر جے ڈی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں میں اتنی کھینچا تانی ہے کہ کئی سیٹوں پر وہ ایک دوسرے کے خلاف ہی کھڑے ہو گئے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی فلاحی اسکیموں سے بہار کے عوام کو مسلسل فائدہ پہنچ رہا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے شاہ نے کہا: ’’کئی سال پہلے جب میں گیا جی میں اپنے والد کے شرادھ کے لیے گیا تھا، تو پٹنہ سے وہاں پہنچنے میں چھ گھنٹے سے زیادہ وقت لگا تھا۔ آج یہ فاصلہ صرف دو گھنٹے میں طے کیا جا سکتا ہے۔ اغوا اور ذات پات پر مبنی تشدد اب ماضی کی بات ہو چکی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں مرکز کی حکومت بہار کی ہنرمند افرادی قوت کا استعمال کرتے ہوئے اسے مصنوعی ذہانت (AI) کا مرکز بنانا چاہتی ہے۔ شاہ نے کہا: > ’’بہار کی زمین چاہے محدود ہو، لیکن یہاں کے انسانی وسائل کی طاقت لامحدود ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا:  ’’یہ وہ سرزمین ہے جہاں چندرگپت موریہ جیسے عظیم بادشاہ پیدا ہوئے، اور جو تقریباً 700 سال تک ملک کی سیاسی دھُری رہی۔ اب کوئی وجہ نہیں کہ یہ ریاست اپنی کھوئی ہوئی شان و شوکت دوبارہ حاصل نہ کرے۔‘‘ تین روزہ دورۂ بہار کے اختتام پر وزیر داخلہ نے پُراعتماد انداز میں کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے ایک ’’تاریخی جیت‘‘ حاصل کرے گا۔