نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز ایک اہم فیصلے میں کہا کہ قتل کے ارادے سے کی گئی گھریلو تشدد کی وارداتوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ازدواجی رشتہ ایسے معاملات میں جرم کو کم کرنے والا نہیں بلکہ مزید سنگین بنانے والا عنصر سمجھا جائے گا۔ ساتھ ہی عدالت نے ملزم کو ضمانت دینے سے متعلق درخواست کو مسترد کر دیا۔ یہ کیس مقتولہ کے بھائی کی جانب سے کی گئی شکایت پر درج ہوا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم پہلے سے ہی مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل رہا ہے۔
ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس سوارنا کانتا شرما نے کہا كہ گھریلو تشدد کے وہ جرائم جن میں قتل کا ارادہ شامل ہو، انہیں سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ایسے معاملات میں ازدواجی رشتے کو جرم کم کرنے والا نہیں بلکہ مزید سنگین بنانے والا مانا جائے گا۔" عدالت ہندوستانی تعزیراتِ ہند ( آئی پی سی, 1860) کی دفعہ 307 اور 506 کے علاوہ آرمز ایکٹ 1959 کی دفعات 25، 27، 54 اور 59 کے تحت درج ایک معاملے میں ضمانت کی درخواست پر غور کر رہی تھی۔
بھائی کے بیان پر درج ہوا مقدمہ
یہ پورا معاملہ مقتولہ کے بھائی کے بیان کی بنیاد پر درج ہوا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس کی بہن کو اس کے شوہر (جو اس کیس میں مرکزی ملزم ہے) نے گولی مار کر قتل کیا۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ شادی کے بعد مقتولہ کو معلوم ہوا کہ اس کا شوہر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ 2015 میں جیل بھی جا چکا تھا۔
کہا جا رہا ہے کہ مقتولہ اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تھی، لیکن جیل سے باہر آنے کے بعد ملزم نے اسے زبردستی ساتھ رہنے پر مجبور کیا اور انکار کرنے پر اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ ایف آئی آر کے مطابق، جب مقتولہ ڈیوٹی پر تھی تو ملزم نے اسے زبردستی ایک آٹو میں بٹھایا، دیسی پستول نکالی، پیٹ میں گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔
گھر جانے سے انکار پر بھڑک گیا شوہر
ملزم شوہر کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے جسٹس شرما نے کہا کہ ملزم کے وکیل نے یہ دلیل دی کہ اس نے مقتولہ پر اس وقت گولی چلائی جب وہ اس کے ساتھ سسرال جانے سے انکار کرنے پر غصے میں آگیا تھا، اور اسی جوش میں اس نے بیوی کو گولی ماری۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ اس دلیل کو قبول نہیں کر سکتا کہ بیوی کے سسرال جانے سے انکار پر شوہر کا غصہ فطری تھا، کیونکہ یہ ایک ایسے پدرشاہی حق کی جھلک دکھاتا ہے جس میں مرد خود کو حقدار سمجھتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ بیوی یا متاثرہ کا شوہر کے ساتھ جانے سے انکار اچانک اشتعال کی کیٹیگری میں نہیں آتا۔
۔6 ماہ میں مقدمہ نمٹانے کا حکم
ملزم کی درخواست پر ہائی کورٹ نے کہا کہ ازدواجی گھر جانے سے انکار کرنے پر بیوی کو ایک نہایت سفاکانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس میں اسے گولی ماری گئی، ایک مہینے تک اسپتال میں رہنا پڑا اور 4 آپریشن کروانے پڑے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ وقتی غصے کی دلیل کو قبول کرنا پدرشاہی سوچ کو درست ثابت کرنے کے مترادف ہوگا۔
عدالت نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو حکم دیا کہ مقدمہ چھ ماہ کے اندر ختم کیا جائے، کیونکہ ملزم تقریباً چھ برس سے عدالتی حراست میں ہے۔