زیادہ کام کرنا اور مختلف طریقے سے کرنا ہمارا منتر ہونا چاہیے: جے شنکر

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
زیادہ کام کرنا اور مختلف طریقے سے کرنا ہمارا منتر ہونا چاہیے: جے شنکر
زیادہ کام کرنا اور مختلف طریقے سے کرنا ہمارا منتر ہونا چاہیے: جے شنکر

 



ماسكو/ آواز دی وائس
وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر تین روزہ دورے پر روس میں موجود ہیں۔ بدھ کے روز روس کے پہلے نائب وزیراعظم ڈینس مانتوروف سے ملاقات کے دوران جے شنکر نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا بھرپور استعمال کیا جانا چاہیے۔ وہ جمعرات کو روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے۔ روسی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی نظام تیار کریں گے۔
ایسے وقت میں جب امریکہ نے ہندوستان پر تقریباً 50 فیصد ٹیریف عائد کیا ہے، جس میں روسی تیل کی درآمد پر 25 فیصد ٹیریف بھی شامل ہے، ماسکو میں جے شنکر نے کہا كہ ہمیں ایک ہی راستے پر نہیں اٹکنا چاہیے۔ زیادہ کرنا اور مختلف طریقے سے کام کرنا ہمارا منتر ہونا چاہیے۔
روس میں جے شنکر نے کیا کہا؟
وزیرِ خارجہ نے اپنے ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور روس کو دو طرفہ تجارت میں تنوع لا کر اور زیادہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے اپنے تعاون کے ایجنڈے کو مسلسل وسیع اور متنوع بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا كہ زیادہ کرنا اور مختلف طریقے سے کام کرنا ہمارا منتر ہونا چاہیے۔
جے شنکر اور مانتوروف کی یہ بات چیت ہندوستان-روس بین الحکومتی تجارتی، معاشی، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کمیشن کے ڈھانچے کے تحت منعقد کی گئی۔ موجودہ جیو-سیاسی اتھل پتھل کے تناظر میں ہندوستان-روس تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جے شنکر نے خاص طور پر معاشی شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مخصوص تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا، ’’مختلف ورکنگ گروپ اور ذیلی گروپ اپنے اپنے ایجنڈے کے لیے زیادہ تخلیقی اور نئے طریقے اپنا سکتے ہیں۔ جن منظرناموں کا میں نے ذکر کیا ہے، ان سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمارا ایسا کرنا ضروری ہے۔
ہمیں ایک ہی راستے پر نہیں اٹکنا چاہیے:  وزیرِ خارجہ
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقین کو باہمی مشاورت کے ذریعے اپنے ایجنڈے کو مسلسل متنوع اور وسیع بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا كہ اس سے ہمیں اپنے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔ ہمیں ایک ہی راستے پر اٹکنا نہیں چاہیے۔
جے شنکر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قابلِ پیمائش اہداف اور مخصوص وقت کی حدیں مقرر کرنے پر بھی زور دیا۔
جے شنکر سے ملاقات کے بعد روسی نائب وزیراعظم نے کیا کہا؟
روس کے پہلے نائب وزیراعظم دینس مانتوروف نے بدھ کو کہا کہ روس سے تیل اور توانائی کے وسائل کا ہندوستان میں بہاؤ جاری ہے اور ماسکو کو ایل این جی برآمد کرنے کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔ مانتوروف نے کہا، ’’ہم خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات، تھرمل اور کوئلے سمیت ایندھن کی برآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم روسی ایل این جی کی برآمد کے امکانات دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا كہ ہم پُرامن ایٹمی شعبے میں وسیع تعاون کے فروغ کی امید رکھتے ہیں، جس میں کُڈنکُلم ایٹمی توانائی منصوبے کی کامیاب تعمیراتی تجربے کی بنیاد پر تعاون بھی شامل ہے۔