کیا وزیر اعظم کا ماننا ہے کہ اُن سے اختلاف رکھنے والا ہر شخص ’اربن نکسل‘ ہے: کانگریس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2026
کیا وزیر اعظم کا ماننا ہے کہ اُن سے اختلاف رکھنے والا ہر شخص ’اربن نکسل‘ ہے: کانگریس
کیا وزیر اعظم کا ماننا ہے کہ اُن سے اختلاف رکھنے والا ہر شخص ’اربن نکسل‘ ہے: کانگریس

 



نئی دہلی: کانگریس نے منگل کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ایک بیان پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا اُن کا ماننا ہے کہ اُن سے اختلاف رکھنے والا ہر شخص ’اربن نکسل‘ ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے راجیہ سبھا میں 11 مارچ 2020 کو حکومت سے پوچھے گئے ایک سوال اور اس کے جواب کی کاپی بھی شیئر کی، جس میں حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزارتِ داخلہ ’اربن نکسل‘ کی اصطلاح استعمال نہیں کرتی۔

رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، "وزیرِ اعظم نے آج ’اربن نکسل‘ سے خطرے کی بات کی۔ 11 مارچ 2020 کو وزیرِ مملکت برائے داخلہ نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ مرکزی وزارتِ داخلہ ’اربن نکسل‘ کی اصطلاح استعمال نہیں کرتی۔

انہوں نے مزید کہا، 29 اپریل 2024 کو خود وزیرِ اعظم نے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرنے والوں اور معاشی عدم مساوات پر تشویش ظاہر کرنے والوں پر ’اربن نکسل ذہنیت‘ کا الزام لگایا تھا۔" جے رام رمیش نے سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعظم اس کی وضاحت کریں گے، یا پھر اُن کا ماننا ہے کہ جو بھی اُن سے اختلاف رکھتا ہے وہ ’اربن نکسل‘ ہے؟

واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر دفتر میں 45 سالہ نتن نوین کو پارٹی کا قومی صدر اعلان کیے جانے کے بعد منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم مودی نے کہا تھا،اربن نکسل مسلسل بھارت کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنی تنظیم اور نظریے کی طاقت سے اس گٹھ جوڑ کو شکست دینی ہوگی۔