بھوبھنیشور: جائیداد کی تقسیم سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران اوڈیشہ ہائی کورٹ نے حال ہی میں ایک اہم ریمارک دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ماں کے واضح بیان کے باوجود بچے کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانا ماں کی عظمت اور احترام کی توہین ہے، اور یہ قانون کے بھی منافی ہے۔
اوڈیشہ ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے جج جسٹس بی پی راؤترے نے یہ ریمارک دیتے ہوئے ماتحت عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ معاملہ ایک ایسے مقدمے کا تھا جس میں مخالف فریق نے 58 سالہ شخص کی پدری شناخت معلوم کرنے کے لیے اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی درخواست کی تھی، جسے ماتحت عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچا، مگر عدالت نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو صحیح قرار دیا۔ یکم ستمبر کو اپنے فیصلے میں جسٹس راؤترے نے کہا کہ یہ ایسا کیس نہیں ہے جس میں ڈی این اے ٹیسٹ کا حکم دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالت نے اپیل مسترد کرکے کوئی غلطی نہیں کی۔
مزید کہا گیا کہ جب متعلقہ شخص اب 58 برس کا ہے تو اس عمر میں ڈی این اے ٹیسٹ کرانے سے کوئی قابلِ اعتبار نتیجہ سامنے نہیں آئے گا۔ گواہی میں اس شخص کی والدہ نے صاف طور پر کہا کہ وہ اس کے شوہر ٹھوٹا بُڈولا کی ہی اولاد ہے، اور مخالف فریق نہ تو ماں کی شادی کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا سکا اور نہ ہی اس کی بیوی ہونے کی حیثیت پر۔ اس لیے کسی تیسرے فریق کو پدری رشتے پر سوال اٹھانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اوڈیشہ ہائی کورٹ نے بھارتی قانونِ شہادت کی دفعہ 112 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ازدواجی رشتے کے دوران پیدا ہونے والے بچے کو قانونی اولاد مانا جائے گا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جائیداد کے بٹوارے کے معاملے میں ڈی این اے ٹیسٹ کس طرح متعلقہ ہو سکتا ہے۔
اس طرح کے مقدمات میں اصل سوال یہ ہوتا ہے کہ آیا فریقین کو مشترکہ خاندان کا رکن تسلیم کیا جاتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے مزید واضح کیا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کسی بھی معاملے میں عام یا معمول کی کارروائی نہیں ہو سکتا۔ ایسا حکم صرف اسی وقت دیا جانا چاہیے جب یہ بالکل ناگزیر ہو اور اس کے بغیر انصاف تک رسائی ممکن نہ ہو۔