نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کانگریس پر بالواسطہ حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 1937 میں قومی نغمہ "وندےماترم" کے اہم اشعار کو ہٹا دیا گیا تھا، جس نے تقسیم کے بیج بوئے، اور ایسی ’’تقسیم پسند ذہنیت‘‘ آج بھی ملک کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔
مودی نے قومی نغمے “وندےماترم” کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک سال تک منائے جانے والے یادگاری جشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کیا۔ وزیر اعظم نے کہا: “وندےماترم بھارت کی آزادی کی جدوجہد کی آواز بن گیا۔ اس نے ہر بھارتی کی جذباتی وابستگی کو ظاہر کیا۔ بدقسمتی سے 1937 میں وندماترم کے اہم اشعار — اس کی روح — کو نکال دیا گیا۔
وندماترم کی تقسیم نے تقسیم کے بیج بوئے۔ آج کی نسل کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ قوم کی تعمیر کے اس عظیم منتر کے ساتھ یہ ناانصافی کیوں کی گئی۔ یہ تقسیم پسند ذہنیت آج بھی ہمارے ملک کے لیے ایک چیلنج ہے۔” مودی نے وندماترم کو ہر دور میں متعلق اور زندہ جذبہ قرار دیتے ہوئے، آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: “جب دشمن نے دہشت گردی کے ذریعے ہماری سلامتی اور عزت پر حملہ کرنے کی جرات کی، تو دنیا نے دیکھا کہ بھارت ماں درگا کا روپ دھارنا جانتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آج جب ملک وندماترم کے 150 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے، تو یہ ہمیں نئی تحریک اور نئی توانائی سے بھر دیتا ہے۔ مودی نے کہا: “وندماترم ایک لفظ نہیں، ایک منتر ہے، ایک توانائی ہے، ایک خواب ہے، ایک عہد ہے۔ یہ بھارت ماتا کے تئیں عقیدت ہے، بھارت ماتا کی عبادت ہے۔ یہ ہمیں ہمارے ماضی سے جوڑتا ہے اور ہمارے مستقبل کو نئی ہمت دیتا ہے۔ ایسا کوئی عہد نہیں جو ہم پورا نہ کر سکیں، ایسا کوئی ہدف نہیں جو ہم حاصل نہ کر سکیں۔ ہمیں ایک ایسا بھارت بنانا ہے جو علم، سائنس اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر دنیا کے سرفہرست ہو۔”
یہ تقریب 7 نومبر 2025 سے 7 نومبر 2026 تک ایک سالہ قومی جشن کی رسمی شروعات ہے، جس میں اس عظیم تخلیق کے 150 سال مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا — وہ تخلیق جس نے بھارت کی آزادی کی تحریک کو متاثر کیا اور قومی وقار و اتحاد کو مضبوط کیا۔ بنگالی ادیب بنکم چندر چٹرجی نے 7 نومبر 1875 کو اکشے نوامی کے موقع پر قومی نغمہ “وندماترم” تخلیق کیا تھا۔ یہ نغمہ پہلی بار ادبی جریدے “بنگ درشن” میں چٹرجی کے مشہور ناول “آنند مٹھ” کے ایک حصے کے طور پر شائع ہوا تھا۔