ندوۃالعلماء لکھنو: بیرون ممالک کے طلبا کے لیےفاصلاتی کورس شروع

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-08-2022
 ندوۃالعلماء لکھنو: بیرون ممالک کے طلبا کے لیےفاصلاتی کورس شروع
ندوۃالعلماء لکھنو: بیرون ممالک کے طلبا کے لیےفاصلاتی کورس شروع

 

 

آواز دی وائس،لکھنو

 اب ہندوستان کے دینی مدارس میں تعلیم کے تعلق سے تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، اب دیگر عصری تعلیمی ادارے مثلا اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی کی طرز پر ہندوستان کے مشہور دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم ندوۃ العلما میں فاصلاتی کورس شروع کیا ہے۔

کورونا و با نے آن لائن تعلیمی نظام میں ایک نیا انقلاب پیدا کیا ہے، جسے تمام تعلیمی ادارے اپنا رہے ہیں۔ ایشیا کی عظیم دینی در سگاو دار العلوم ندوۃالعلماء دور جدید کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں بڑے اداروں سے پیچھے نہیں ہے۔ کورونا وبا کے دور میں کامیاب آن لائن تعلیمی نظام چلانے کے بعد اب ندوۃ العلماء نے بیرون ممالک کے طلباء کے لئے فاصلاتی نظام تعلیم شروع کیا ہے ، جس کے تحت گھر بیٹھے پانچ سالہ عالمیت کا کورس کیا جاسکتا ہے۔ جس کے لیے رجسٹریشن شروع ہو چکا ہے۔

کورونا وبا نے جہاں تباہ کاریاں  پیدا کیں وہیں کچھ نئے امکانات بھی روشن کئے۔ ان میں آن لائن نظام تعلیم کا انقلاب شامل ہے۔ کورونا وبا میں آن لائن تعلیمی نظام کو مزید نظم و نئے مواقع کے ساتھ شروع کر رہے ہیں۔عظیم دینی درس گاہ ندوۃ العلماء بھی تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔

کورونا وبا میں جب ملک میں لاک ڈاون تھا تو دیگر تعلیمی اداروں کی طرح کامیاب اور منظم طریقہ سے آن لائن تلعیم کا نظم کرنے کے بعد اب بیرون ممالک کے طلبا کے لیے فاصلاتی نظام تعلیم شروع کیا گیا ہے۔ ندوۃ العلما کے مہتم مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق فاصلاتی نظام تعلیم کا رجسٹریشن شروع ہو چکا ہے۔ رجسٹریشن ندوۃ العلماء کی ویب سائٹ nadwa.in  پر آن لائن کیا جاسکتا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل دو ہفتوں تک جاری رہے گا.

دبئی میں مقیم عمیر ناصر الندوی کا پہلا واخلہ ہفتہ کے روز عمل میں آیا۔

عمیر اپنے والد ناصر الندوی کے ساتھ ندوۃ العلما پہنچنے اور ضروری خانہ پری مکمل کی ۔ اس کےبعد انہوں نے مہتمم ڈاکٹر مولانا سعیدالرحمٰن اعظم ندوی سے دعائیں لیں۔ ناصر الندوی نے بتایا کہ عمیر دبئی میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ عصری تعلیم کے ساتھ مذکورہ فاصلاتی نظام سے وہ دینی تعلیم بھی حاص کرے گا۔