پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا خودکشی پر اکسانے کے مترادف نہیں ہے: سپریم کورٹ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-09-2025
پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا خودکشی پر اکسانے کے مترادف نہیں ہے: سپریم کورٹ
پڑوسیوں کے درمیان جھگڑا خودکشی پر اکسانے کے مترادف نہیں ہے: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے منگل کو کہا کہ پڑوسیوں کے درمیان ہونے والی بحث یا ہاتھا پائی جیسی واقعات تعزیراتِ ہند کی دفعہ 306 کے تحت خودکشی پر اُکسانے کے دائرے میں نہیں آتیں۔
جسٹس بی۔وی۔ ناگرتنا اور جسٹس کے۔وی۔ وِشناتھن کی بنچ نے ایک خاتون کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا، جسے کرناٹک ہائی کورٹ نے اپنی پڑوسن کو مبینہ طور پر خودکشی کے لیے اُکسانے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس سزا کو منسوخ کر دیا۔
اعلیٰ عدالت نے کہا کہ آئی پی سی کی دفعہ 306 اسی وقت لاگو ہو سکتی ہے جب ملزم نے متاثرہ کو خودکشی پر اُکسایا ہو، اس کی مدد کی ہو یا اسے خودکشی کرنے پر آمادہ کیا ہو۔
بنچ نے کہا کہ اگرچہ ’اپنے پڑوسی سے محبت کرو‘ ایک مثالی صورتحال ہے، لیکن محلوں میں جھگڑے سماج کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ ایسے جھگڑے کمیونٹی لائف کا عام حصہ ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان حالات میں خودکشی پر اُکسانے کا مقدمہ بنتا ہے؟
عدالت نے کہا کہ وہ اس نتیجے پر نہیں پہنچی کہ اپیل کنندہ اور متاثرہ کے خاندان کے درمیان جھگڑوں اور کشیدہ تعلقات کے باوجود اپیل کنندہ کی طرف سے کسی قسم کی براہِ راست یا بالواسطہ نیت خودکشی پر اُکسانے کی تھی۔
بنچ نے کہا کہ ایسے جھگڑے روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں اور ان حقائق کی بنیاد پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اپیل کنندہ نے ایسا کوئی عمل کیا جس سے متاثرہ کے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہ بچا ہو۔ سپریم کورٹ اُس عرضی پر سماعت کر رہا تھا جس میں کرناٹک ہائی کورٹ کے اُس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں ملزمہ کو آئی پی سی کی دفعہ 306 کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا، لیکن ایس سی/ایس ٹی (مظالم کی روک تھام) ایکٹ، 1989 کی دفعہ 3(2)(وی) کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔
کیس کے مطابق، سال 2008 میں ملزمہ اور متاثرہ کے درمیان ایک معمولی تنازعہ شروع ہوا تھا جو تقریباً چھ ماہ تک جاری رہا۔ الزام ہے کہ متاثرہ ایک پرائیویٹ ٹیچر کے طور پر کام کرتی تھی اور ملزمہ کی جانب سے مبینہ طور پر لگاتار کیے جا رہے ہراسانی کو برداشت نہ کر پانے کی وجہ سے اس نے خودکشی کر لی۔