بریلی/ آواز دی وائس
بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر پر کی گئی فائرنگ کے معاملے میں پولیس نے دو مزید ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ کارروائی دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے انجام دی۔ حراست میں لیے گئے دونوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے دیشا پٹانی کے گھر کی ریکی بھی کی تھی۔ دونوں نے خود کو نابالغ بتایا ہے اور پولیس فی الحال ان کی عمر کی جانچ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے ہی اس واقعے میں ملوث روہت گودارا-گولڈی برار گینگ کے دو بدماشوں کو پولیس نے غازی آباد میں ٹرونیکا سٹی کے قریب ایک مڈبھیڑ میں مار گرایا تھا۔ یہ مڈبھیڑ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل، اتر پردیش پولیس کے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ہریانہ ایس ٹی ایف کے ایک مشترکہ آپریشن کے تحت ہوئی تھی۔ حکام نے بتایا تھا کہ مارے گئے بدماشوں کی شناخت ہریانہ کے رہنے والے روہتک کے رویندر اور سونی پت کے ارون کے طور پر ہوئی تھی۔
ہریانہ ایس ٹی ایف کے ایک سینئر افسر نے مڈبھیڑ کے دوران دونوں بدماشوں کی گولی لگنے سے موت کی تصدیق کی اور یہ بھی بتایا کہ اسپیشل سیل کا ایک جوان بھی زخمی ہوا تھا۔ دہلی پولیس کے ایک افسر نے کہا تھا کہ بریلی فائرنگ کیس میں ان دونوں بدماشوں کا براہِ راست ہاتھ تھا جس نے ہائی پروفائل شخصیات کے ارد گرد سیکورٹی خدشات کو بڑھا دیا تھا۔ اس واقعے کو جبری وصولی (ایکسٹورشن) سے جڑا ہوا بھی مانا جا رہا تھا۔
افسر نے یہ بھی بتایا تھا کہ گینگ کے دیگر مفرور ممبران کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ 12 ستمبر کو صبح پونے چار بجے نامعلوم حملہ آوروں نے پٹانی کے بریلی میں واقع گھر کے باہر کئی فائر کیے تھے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ بریلی کوتوالی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جرم پر زیرو ٹالرنس کی ریاستی پالیسی دہراتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات دیے تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) لاء اینڈ آرڈر امیتابھ یش نے بتایا تھا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالی، خفیہ معلومات جمع کیں اور پڑوسی ریاستوں کے ریکارڈ کا موازنہ کیا جس سے شوٹرز کی شناخت روہتک کے کہانی گاؤں کے رہائشی رویندر اور سونی پت کے گوہانہ روڈ پر واقع انڈین کالونی کے رہائشی ارون کے طور پر ہوئی تھی۔