بریلی / آواز دی وائس
بریلی میں اداکارہ دِشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کرنے والوں کو یوپی پولیس نے انکاؤنٹر میں مار گرایا ہے۔ اس انکاؤنٹر کے بعد دِشا پٹانی کے والد اور ریٹائرڈ سی او جگدیش پٹانی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جگدیش پٹانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے انہیں مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا یقین دلایا تھا۔
جگدیش پٹانی نے کہا کہ میں معزز وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ جی کا اپنی اور اپنے خاندان کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جیسے انہوں نے مجھے یقین دلایا تھا اور اسی کے مطابق اتنے کم وقت میں مجرموں کو تلاش کرکے اتنی سخت کارروائی کی۔ میں نے آج دوبارہ معزز وزیر اعلیٰ جی سے فون پر بات کر کے انہیں شکریہ ادا کیا کہ ان کی قیادت میں اتر پردیش حکومت اور اتر پردیش پولیس خوف سے آزاد معاشرے کے تصور کو مکمل طور پر حقیقت میں بدل رہی ہے۔
غازی آباد میں یوپی ایس ٹی ایف کا انکاؤنٹر
دِشا پٹانی کے بریلی واقع گھر کے باہر فائرنگ کرنے کے ملزم روہت گودارا-گولڈی برار گینگ کے دو سرگرم رکن بدھ کو غازی آباد میں اتر پردیش ایس ٹی ایف اور دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے ساتھ ہونے والی مڈبھیڑ میں مارے گئے۔
گزشتہ 12 ستمبر کو صبح تقریباً تین بج کر پینتالیس منٹ پر نامعلوم حملہ آوروں نے دِشا پٹانی کے بریلی واقع گھر کے باہر کئی راؤنڈ فائرنگ کی تھی جس سے علاقے میں دہشت پھیل گئی تھی۔ اس سلسلے میں بریلی کوتوالی تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (قانون و نظم) امیتابھ یش نے بتایا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی، خفیہ معلومات اکٹھی کیں اور پڑوسی ریاستوں کے ریکارڈ کا موازنہ کیا، جس سے شوٹرز کی شناخت روہتک کے رہائشی رویندر اور سونی پت کے گوہانہ روڈ پر واقع انڈین کالونی کے رہائشی ارون کے طور پر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ بدھ کو ایس ٹی ایف کی نوئیڈا یونٹ اور دہلی پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے غازی آباد کے ٹرونیکا سٹی میں رویندر اور ارون کو روکا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ہونے والی مڈبھیڑ میں دونوں ملزم بری طرح زخمی ہو گئے اور انہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ یش نے بتایا کہ رویندر اور ارون دونوں روہت گودارا-گولڈی برار گینگ کے سرگرم رکن تھے۔