دگ وجے سنگھ کا نیٹ امتحان پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2026
دگ وجے سنگھ کا نیٹ امتحان پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ
دگ وجے سنگھ کا نیٹ امتحان پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ

 



نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما دگ وجے سنگھ نے قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ-یو جی) کے پرچہ لیک معاملے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے منعقدہ امتحانات میں پرچہ لیک یا دیگر بے ضابطگیوں اور ان پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات پر مشتمل ایک وائٹ پیپر جاری کرے۔

پارلیمنٹ کی تعلیم، خواتین، بچوں، نوجوانوں اور کھیلوں سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب لاکھوں طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، امتحانی نظام پر ان کا اعتماد بحال کرنا نہایت ضروری ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد طلبہ نے ان کے سامنے سنگین خدشات کا اظہار کیا ہے۔

ان کے مطابق نیٹ-یو جی 2026 امتحان کی منسوخی سے لاکھوں طلبہ کی ذہنی صحت متاثر ہوئی ہے اور اس معاملے میں شفافیت کے فقدان نے ان کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔ دگ وجے سنگھ نے کہا کہ پرچہ لیک کے سابقہ واقعات کی تحقیقات اور ان کے نتائج کے بارے میں عوامی سطح پر کوئی واضح ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی بی آئی اور دیگر مرکزی و ریاستی تحقیقاتی اداروں کی کارروائیوں سے متعلق معلومات نہ ہونے کے باعث افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں نے جنم لیا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بار بار شکایت موصول ہوئی ہے کہ ہزاری باغ نیٹ-یو جی 2024 پرچہ لیک کیس کا مرکزی ملزم سنجیو کمار عرف مکھیا مبینہ طور پر ضمانت پر رہا ہے۔

کانگریس رہنما نے یہ بھی کہا کہ سی بی آئی نے مبینہ طور پر یو جی سی-نیٹ 2024 امتحان کے معاملے میں ایک ’’کلوزر رپورٹ‘‘ داخل کی تھی، جس میں کہا گیا کہ امتحان میں کوئی بے ضابطگی نہیں ہوئی، حالانکہ اس وقت این ٹی اے نے خود امتحان منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دہلی کی ایک عدالت نے سی بی آئی سے اپنی کلوزر رپورٹ کے حوالے سے تحریری وضاحت طلب کی تو تحقیقاتی ایجنسی نے مزید وقت مانگ لیا۔ دگ وجے سنگھ کا کہنا تھا کہ اس پورے معاملے میں شفافیت اور جوابدہی ضروری ہے تاکہ طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کا امتحانی نظام پر اعتماد بحال ہو سکے۔