نریندر مودی
نئی دہلی/ آواز دی وائس
دس سال پہلے ہم نے ایک ایسے میدان میں پورے اعتماد کے ساتھ سفر کا آغاز کیا، جہاں اس سے پہلے کوئی نہیں گیا تھا۔ جہاں برسوں تک یہ شکوک پائے جاتے تھے کہ ہندوستانی ٹیکنالوجی کا استعمال کر بھی سکیں گے یا نہیں، ہم نے اس سوچ کو بدلا اور ہندوستانیوں کی صلاحیت پر یقین کیا۔ جہاں یہ سمجھا جاتا تھا کہ ٹیکنالوجی امیر و غریب کے درمیان فاصلہ بڑھائے گی، ہم نے اس سوچ کو چیلنج کیا اور اسی ٹیکنالوجی کے ذریعے اس فاصلہ کو ختم کیا۔
جب نیت درست ہو تو اختراع پسماندہ طبقوں کو بااختیار بناتی ہے۔ جب نظریہ شمولیتی ہو، تو ٹیکنالوجی اُن لوگوں کی زندگی میں بھی تبدیلی لاتی ہے جو سماج کے حاشیے پر ہوتے ہیں۔ یہی یقین "ڈیجیٹل انڈیا" کی بنیاد بنا — ایک ایسا مشن جو سب کے لیے رسائی کو آسان بنانے، شمولیتی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قائم کرنے اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے شروع ہوا۔
۔ 2014 کی حالت
۔ 2014 میں انٹرنیٹ تک رسائی محدود تھی، ڈیجیٹل تعلیم کم تھی اور سرکاری خدمات کی آن لائن رسائی بھی بہت کم تھی۔ کئی لوگوں کو شک تھا کہ کیا ہندوستان جیسا بڑا اور متنوع ملک واقعی ڈیجیٹل بن سکتا ہے؟ آج اس کا جواب صرف ڈیٹا اور ڈیش بورڈ میں نہیں، بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی روزمرہ زندگی میں دکھائی دیتا ہے — حکومت سے لے کر تعلیم، لین دین اور پیداواری شعبے تک، ڈیجیٹل انڈیا ہر جگہ موجود ہے۔
ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرتے ہوئے
2014 میں ہندوستان میں تقریباً 25 کروڑ انٹرنیٹ کنیکشن تھے۔ آج یہ تعداد بڑھ کر 97 کروڑ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ 42 لاکھ کلومیٹر سے زیادہ آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جا چکی ہے، جو زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ کا 11 گنا ہے، اور یہ دور دراز دیہاتوں کو جوڑ رہی ہے۔ ہندوستان کا 5 جی رول آؤٹ دنیا میں تیز ترین ہے، صرف دو سال میں 4.81 لاکھ بیس اسٹیشنز لگائے گئے۔ تیز رفتار انٹرنیٹ اب شہروں سے نکل کر گلوان، سیاچن اور لداخ جیسے حساس مقامات تک پہنچ چکا ہے۔ "انڈیا اسٹیک"، ہمارا ڈیجیٹل بیک بون، یو پی آئی جیسے پلیٹ فارم کو تقویت دیتا ہے، جو سالانہ 100 ارب سے زائد لین دین کر رہا ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والے تمام فوری ڈیجیٹل لین دین میں سے تقریباً آدھے صرف ہندوستان میں ہوتے ہیں۔
ڈی بی ٹی اور ملکیت اسکیم
ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفرکے ذریعے 44 لاکھ کروڑ روپے سیدھے شہریوں کے بینک کھاتوں میں بھیجے گئے، جس سے دلالوں کا کردار ختم ہوا اور 3.48 لاکھ کروڑ روپے کی لیکیج روکی گئی۔ "سوامتو" جیسی اسکیموں نے 2.4 کروڑ سے زائد ملکیتی کارڈ جاری کیے اور 6.47 لاکھ دیہاتوں کو میپ کیا، جس سے زمین سے جڑے تنازعات کا خاتمہ ہوا۔
سب کے لیے مواقع کی جمہوریت
ڈیجیٹل معیشت اب ایم ایس ایم ای (چھوٹے و درمیانے کاروبار) اور چھوٹے تاجروں کو طاقتور بنا رہی ہے۔ او این ڈی سی (اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس) ایک انقلابی پلیٹ فارم ہے جو براہ راست خریداروں اور فروخت کنندگان کو جوڑتا ہے۔ جی ای ایم (گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس) عام شہری کو بھی حکومت کو مصنوعات اور خدمات فروخت کرنے کا موقع دیتا ہے، جس سے شہریوں کو نیا بازار ملتا ہے اور حکومت کی بچت بھی ہوتی ہے۔
مثال: ڈیجیٹل ترقی کا سفر
فرض کریں آپ آن لائن "مدرا قرض" کے لیے اپلائی کرتے ہیں۔ آپ کی کریڈٹ اہلیت "اکاؤنٹ ایگریگیٹر فریم ورک" سے جانی جاتی ہے۔ قرض ملتا ہے، آپ کاروبار شروع کرتے ہیں، جی ای ایم پر رجسٹر ہوتے ہیں، اسکولوں و اسپتالوں کو سپلائی کرتے ہیں، اور او این ڈی سی کے ذریعے ملک بھر میں توسیع کرتے ہیں۔ او این ڈی سی نے حال ہی میں 20 کروڑ لین دین کا ہدف عبور کیا ہے — جن میں سے آخری 10 کروڑ صرف 6 ماہ میں ہوئے۔ بنارس کے بُنکروں سے لے کر ناگالینڈ کے بانس کاریگروں تک، اب بغیر کسی دلال کے ملک بھر میں گاہکوں تک رسائی ممکن ہو گئی ہے۔ جی ای ایم نے پچاس دن میں ایک لاکھ کروڑ روپے کا جی ایم وی (مجموعی تجارتی مالیت) عبور کیا ہے، جس میں 22 لاکھ فروخت کنندگان شامل ہیں، جن میں 1.8 لاکھ خواتین کی قیادت والے ایم ایس ایم ای بھی شامل ہیں۔
ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر: عالمی سطح پر ہندوستان کا کردار
کووِن نے دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کو ممکن بنایا، جس کے ذریعے 220 کروڑ کیو آر تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ ڈیجی لاکر کے 54 کروڑ صارفین ہیں، اور یہ 775 کروڑ سے زائد دستاویزات کو محفوظ رکھ رہا ہے۔
ہندوستان نے اپنی جی 20 صدارت کے دوران "عالمی ڈی پی آئی ریپوزٹری" اور 25 ملین ڈالر کے "سوشل امپیکٹ فنڈ" کی شروعات کی، تاکہ افریقی و جنوبی ایشیائی ممالک ایک شمولیتی ڈیجیٹل ماڈل اپنا سکیں۔
اسٹارٹ اپس اور آتم نربھر بھارت
ہندوستان اب دنیا کے ٹاپ 3 اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام میں شامل ہے، جس میں 1.8 لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اپس موجود ہیں۔ یہ صرف ایک تحریک نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کی نشاۃ ثانیہ ہے۔ نوجوانوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مہارت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ 1.2 بلین ڈالر کے انڈیا اے آئی مشن کے تحت ہندوستان نے 34,000 جی پو یو تک رسائی کو عالمی سطح پر سب سے سستے نرخ پر ممکن بنایا — فی گھنٹہ ایک ڈالر سے بھی کم۔ ہندوستان اب دنیا کا سب سے سستا انٹرنیٹ اور کم قیمت کمپیوٹنگ حب بن چکا ہے۔ ہم نے "ہیومنٹی-فرسٹ" بنیاد پر اے آئی کو فروغ دیا ہے۔ "نئی دہلی اعلامیہ برائے اے آئی" ذمہ دار اختراع کو بڑھاتا ہے۔ ملک بھر میں اے آئی سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جا رہے ہیں۔
آگے کا راستہ
آئندہ دہائی اور بھی انقلابی ہوگی۔ ہم ڈیجیٹل گورننس سے آگے بڑھ کر عالمی ڈیجیٹل قیادت کی جانب جا رہے ہیں — "انڈیا فرسٹ سے انڈیا فار دی ورلڈ" تک۔ ڈیجیٹل انڈیا اب صرف ایک سرکاری منصوبہ نہیں رہا، بلکہ ایک عوامی تحریک بن چکا ہے۔ یہ آتم نربھر بھارت کا مرکز ہے اور ہندوستان کو دنیا کا قابل اعتماد اختراعی شراکت دار بنا رہا ہے۔