دھرمیندر کے آبائی گاؤں لدھیانہ سوگ کی لہر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-11-2025
دھرمیندر کے آبائی گاؤں لدھیانہ سوگ کی لہر
دھرمیندر کے آبائی گاؤں لدھیانہ سوگ کی لہر

 



لدھیانہ/ آواز دی وائس
پنجاب کے لودھیانہ ضلع میں ایک دوسرے سے 30 کلو میٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع دو غیر معروف گاؤں ڈانگو اور ساہنےوال میں ایک چیز مشترک ہے، اور وہ ہیں بالی ووڈ کے ہی مین دھرمیندر۔ اس وقت ان دونوں گاؤں میں مشہور اداکار کے انتقال کی وجہ سے گہرا غم پھیلا ہوا ہے۔
دھرمیندر کا پیر کے روز ممبئی میں 89 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے 65 سالہ فلمی سفر میں 300 فلموں میں کام کیا تھا۔ خبری چینلز پر اس عظیم فنکار کے انتقال کی خبر آتے ہی ڈانگو اور ساہنےوال میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ دھرم سنگھ دیول کا 1935 میں ڈانگو گاؤں میں جنم ہوا تھا، اور ان کے والد کیول کشن سنگھ دیول ایک استاد تھے۔ تبادلہ ہونے کے بعد وہ اپنے خاندان سمیت ساہنےوال آکر آباد ہو گئے تھے۔
دھرمیندر کے دوست پرمندر سنگھ کے مطابق، اداکار یہاں لوگوں سے ایک عام دیہاتی کی طرح گھل مل کر بات چیت کرتے تھے اور بالی ووڈ کے کسی بڑے ستارے جیسی کوئی نمود و نمائش نہیں دکھاتے تھے۔ ان کے دوست نے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ ہمیں یہ احساس دلایا کہ وہ ہم میں سے ہی ایک ہیں۔ لدھیانہ میں ایک بار اداکار کے خاندان کی زمین پر ناجائز قبضہ بھی کر لیا گیا تھا، لیکن مقامی انتظامیہ کی مدد سے وہ زمین واپس دلوا دی گئی تھی۔
اگرچہ بڑھتی عمر کے سبب دھرمیندر ان مقامات پر زیادہ نہیں جاتے تھے، لیکن گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اگر ان گاؤں سے کوئی بھی شخص ممبئی میں ان سے ملنے جاتا تھا تو وہ خوشی خوشی اس سے ملاقات کرتے تھے۔ دھرمیندر کچھ عرصے سے بیمار تھے اور ممبئی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ خاندان نے اسی ماہ کے آغاز میں فیصلہ کیا تھا کہ ان کا علاج گھر پر ہی جاری رکھا جائے۔
وہ 8 دسمبر کو 90 سال کے ہو جاتے۔
دھرمیندر کی شادی پرکاش کور سے ہوئی تھی، جن سے ان کے چار بچے ہیں دو بیٹے، اداکار بوبی اور سنی دیول، اور دو بیٹیاں، وجیتا اور اجیتا۔ سال 1980 میں انہوں نے مشہور اداکارہ ہیما مالنی سے شادی کی۔ اس وقت یہ دعوے کیے گئے تھے کہ انہوں نے اس شادی کے لیے مبینہ طور پر اسلام قبول کیا تھا، تاہم دھرمیندر نے ایسی تمام خبروں کی تردید کی تھی۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کی دو بیٹیاں ہیں ایشا اور اہانا دیول۔ وہ 14ویں لوک سبھا میں بیكانی‌ر سے بی جے پی کے رکنِ پارلیمان بھی رہ چکے ہیں۔