انڈگو بحران پر ڈی جی سی اے کی کارروائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
انڈگو بحران پر ڈی جی سی اے کی کارروائی
انڈگو بحران پر ڈی جی سی اے کی کارروائی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک بھر میں انڈیگو کے بحران کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب صورتحال رفتہ رفتہ معمول پر آ رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت اور ڈی جی سی اے مسلسل انڈیگو کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ پہلے 10 فیصد پروازیں کم کی گئیں، اور پھر جمعرات کو ڈی جی سی اے نے انڈیگو ایئرلائنز کے سی ای او کو طلب کیا تھا۔ ابتدائی جانچ میں کچھ انسپکٹر قصوروار پائے گئے ہیں، جن پر کارروائی کی گئی ہے۔
انڈیگو معاملے میں ڈی جی سی اے نے ابتدائی تفتیش میں کچھ انسپکٹروں کو ذمہ دار پایا ہے۔ یہ انسپکٹر آپریشنل کام دیکھتے تھے۔ انڈیگو ایئرلائنز کے آپریشن میں پیدا ہونے والی دقت پر ڈی جی سی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انڈیگو کی نگرانی کرنے والے 4 فلائٹ آپریشن انسپکٹروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
یہ تمام انسپکٹر انڈیگو کی پروازوں کی سکیورٹی اور آپریشن کی جانچ کرتے تھے۔ مانا جا رہا ہے کہ نگرانی میں لاپرواہی کے باعث یہ سخت قدم اٹھایا گیا ہے۔ حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ایسی کارروائی کی جائے گی جو مثال بنے۔ جن افسران کو ہٹایا گیا ہے، وہ سب ڈی جی سی اے میں کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔
دہلی ہائی کورٹ نے بھی برہمی ظاہر کی
انڈیگو بحران پر جمعرات کو دلّی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت عدالت نے حکومت اور ایئرلائنز کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے پوچھا کہ جب ایئرلائن ناکام ہو رہی تھی تو حکومت نے کیا قدم اٹھایا؟ 4–5 ہزار روپے کی ٹکٹیں بڑھ کر 30 ہزار تک کیسے پہنچ گئیں؟ اگر یہ بحران تھا تو دوسری ایئرلائنز کو اس کا فائدہ اٹھانے کی اجازت کیوں دی گئی؟ بنچ نے کہا کہ حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔
انڈیگو پر حکومت کی کارروائی
دوسری جانب انڈیگو بحران سے پریشان مسافروں کے لیے انڈیگو نے 10 ہزار روپے کے بیلنس واؤچر دینے کا اعلان کیا ہے، جو مسافر ایک سال تک استعمال کر سکیں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ واؤچر صرف 3 اور 4 دسمبر والے مسافروں کو دیا جائے گا۔ حکومت نے انڈیگو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس کی 10 فیصد پروازیں کم کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ کٹوتی زیادہ ڈیمانڈ اور زیادہ فریکوئنسی والی روٹس پر کی جائے گی۔ اس سے روزانہ چلنے والی 2300 میں سے تقریباً 230 پروازیں کم ہو جائیں گی۔ حکومت کی یہ کارروائی انڈیگو کے لیے بڑا سبق مانی جا رہی ہے۔