ترقی ہو مگر ماحولیات کا تحفظ لازمی: سپریم کورٹ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-08-2025
ترقی ہو مگر ماحولیات کا تحفظ لازمی: سپریم کورٹ
ترقی ہو مگر ماحولیات کا تحفظ لازمی: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز تلنگانہ حکومت کو کَنچا گچی بَولی کے جنگلاتی علاقے کی مکمل بحالی کے لیے ایک بہتر تجویز پیش کرنے کے واسطے چھ ہفتے کا وقت دیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو کاٹے گئے درخت دوبارہ لگانے ہوں گے۔

چیف جسٹس بی۔ آر۔ گوئی اور جسٹس کے۔ وِنود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا کہ جنگلاتی علاقے کو بحال کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ وہ ترقی کے خلاف نہیں ہے، لیکن ماحولیات کا تحفظ لازمی ہے۔ بنچ نے معاملے کی سماعت چھ ہفتے بعد تک ملتوی کرتے ہوئے کہا،عدالت وقتاً فوقتاً یہ کہتی رہی ہے کہ ہم ترقی کے مخالف نہیں ہیں، مگر یہ ترقی پائیدار ہونی چاہیے۔

ترقیاتی سرگرمیوں کے دوران ماحول اور جنگلی حیات کے مفادات کا خیال رکھا جانا چاہیے اور ازالے کے اقدامات کو یقینی بنانا چاہیے۔ اگر حکومت ایسی کوئی تجویز پیش کرتی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ ریاستی حکومت مکمل تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، جس میں ماحول اور جنگلی حیات کے مفادات کو ترقیاتی کاموں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے 15 مئی کو کہا تھا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے قریب درختوں کی کٹائی بادی النظر میں ’’پہلے سے طے شدہ‘‘ معلوم ہوتی ہے۔ عدالت نے تیلنگانہ حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ اسے بحال کرے، ورنہ اس کے افسران کو جیل جانا پڑ سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا تھا کہ یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ جنگل کو بحال کرے یا اپنے افسران کو جیل بھیجے۔ کَنچا گچی بَولی جنگلاتی علاقے میں درختوں کی کٹائی پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے، سپریم کورٹ نے 3 اپریل کو آئندہ حکم تک جوں کی توں حالت برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے 16 اپریل کو درختوں کی جلدبازی میں کی گئی کٹائی پر تلنگانہ حکومت کو سرزنش کی تھی اور ہدایت دی تھی کہ اگر وہ چاہتی ہے کہ اس کے چیف سکریٹری ’’کسی بھی سخت کارروائی سے بچ جائیں‘‘، تو اسے 100 ایکڑ بے جنگل زمین کو بحال کرنے کے لیے ایک مخصوص منصوبہ پیش کرنا ہوگا۔