بہار میں تباہ کن بارش، کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2025
بہار میں تباہ کن بارش، کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری
بہار میں تباہ کن بارش، کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری

 



چھپرہ: بہار میں اکتوبر کے آغاز کے ساتھ ہی برسات نے اپنا قہر برپا کر دیا ہے۔ ریاست میں ہفتہ، 4 اکتوبر کو اس سال کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے پورے سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سب سے زیادہ بارش سیوان ضلع میں ہوئی جہاں 324.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو رواں سال کی اب تک کی سب سے بڑی مقدار ہے۔ بھوجپور، مشرقی چمپارن اور روہتاس اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے کئی اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ اتوار، 5 اکتوبر کو سپول، ارریہ اور مدھوبنی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں انتہائی شدید بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

ان تین اضلاع میں اس سیزن کے دوران اب تک 11 بار شدید بارش کی وارننگ دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ، کشن گنج، مدھے پورہ، سہرسہ اور پورنیہ میں اورنج الرٹ جاری ہے، جب کہ کٹہار، کھگڑیا، سموستی پور اور دربھنگہ میں بھی خطرناک موسم کی وارننگ دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ بجلی گرنے کا امکان ہے۔

پٹنہ موسمی مرکز کے مطابق، اتوار کی صبح ارریہ، پورنیہ، سپول، کٹہار، بانکا اور بھگلپور اضلاع میں شدید بارش درج کی گئی، جبکہ پٹنہ، ویشالی، سارن، بھوجپور، نالندہ، بیگوسرائے، کھگڑیا، مونگیر اور جہان آباد میں دن بھر بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔

تاہم، مغربی بہار کے اضلاع میں بارش کی شدت نسبتاً کم رہنے کی امید ہے، مگر بادل چھائے رہیں گے اور درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے 9 اکتوبر کے بعد جنوب مغربی مانسون کے کمزور پڑنے اور ریاست بہار سے اس کی واپسی کے اشارے دیے ہیں، جس کے بعد درجہ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔

ہفتے کے روز ریاست کے مختلف اضلاع میں ریکارڈ توڑ بارش دیکھی گئی، جن میں بھوجپور میں 290.4 ملی میٹر، مشرقی چمپارن میں 250.4 ملی میٹر، روہتاس میں 220.2 ملی میٹر اور گوپال گنج میں 177.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح سیتامڑھی، دربھنگہ، مظفرپور، سارن، مغربی چمپارن، نالندہ اور مدھے پورہ میں بھی شدید بارش ہوئی۔

مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست بھر میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ پٹنہ میں ہفتے کو درجہ حرارت 0.8 ڈگری گر کر 28 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت شیخ پورہ میں 32 ڈگری سیلسیئس جبکہ سب سے کم درجہ حرارت موتیہاری میں 25.8 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ اگلے تین دنوں کے دوران درجہ حرارت میں کسی خاص تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔