نئی دہلی/ آواز دی وائس
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے پیر کو کہا کہ اگرچہ پارلیمنٹ میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے، لیکن حکومت کو اپنے اہم بلوں کو منظور کرانے کے لیے مجبور ہونا پڑے گا۔ بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے جائزے (ایس آئی آر ) پر حزبِ اختلاف کی جانب سے مسلسل ہنگامہ آرائی کے سبب دونوں ایوانوں میں معمول کا کام متاثر ہو رہا ہے۔
پیر کو لوک سبھا میں درج فہرست کے مطابق کام انجام نہیں دیا جا سکا، جب کہ راجیہ سبھا کی کارروائی جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ ممبر پارلیمنٹ شیبو سورین کے انتقال پر ان کے احترام میں ملتوی کر دی گئی۔ رجیجو نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ میں بلوں پر گہرائی سے بحث ہو، لیکن چونکہ مجوزہ بل حکمرانی کے لیے انتہائی اہم ہیں، اس لیے حکومت قومی مفاد میں منگل سے ان بلوں کی منظوری کے لیے دباؤ ڈالنے پر مجبور ہو گی۔
انہوں نے حزبِ اختلاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی کھیلوں کی ایڈمنسٹریشن بل اور نیشنل ڈوپنگ مخالف (ترمیمی) بل پر دو دن کی بحث کے لیے راضی ہو گئے تھے، اور ان دونوں بلوں پر پیر کو لوک سبھا میں بحث اور منظوری کا منصوبہ تھا، لیکن حزبِ اختلاف نے کارروائی کو درہم برہم کر دیا۔
حزبِ اختلاف اس بات پر اصرار کر رہا ہے کہ حکومت اپنا قانون سازی ایجنڈا آگے بڑھانے سے پہلے بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے جائزے (ایس آئی آر ) پر بحث کی اجازت دے۔ تاہم، رجیجو نے واضح کیا کہ ایس آئی آر پر پارلیمنٹ میں بحث ممکن نہیں، کیونکہ یہ الیکشن کمیشن کی انتظامی کارروائی اور اس کی ورکنگ کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کانگریس کے مرحوم لیڈر اور سابق اسپیکر بلرام جاکھڑ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ الیکشن کمیشن جیسی آئینی ادارے کے کام کاج پر بحث نہیں کر سکتی۔ رجیجو نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ انتخابی اصلاحات پر بحث کر سکتی ہے، لیکن الیکشن کمیشن کے اندرونی کام پر نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن ماضی میں بھی ایس آئی آر کی مشق کر چکا ہے۔