نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ شدید بارش کے باوجود قومی دارالحکومت میں کہیں بھی پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کچھ علاقوں میں درپیش مسائل کے حل کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔
ریکھا گپتا نے یہ بیان جنوب دہلی کے ادھچینی گاؤں میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ساتھ ڈی ڈی اے (دہلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کے ’آرمبھ لائبریری‘ کا افتتاح کرنے کے بعد دیا۔
وزیراعلیٰ نے پروگرام کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی نے ایک نئی راہ پر قدم رکھا ہے۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا، ہم نے بارا پُلا، کوشک ڈرین اور منٹو پل پر کئی مرتبہ معائنہ کیا۔ شدید بارش کے باوجود کہیں بھی پانی جمع نہیں ہوا، جو پہلے ایک پرانی روایت بن چکی تھی۔ اس بار ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ آئی ٹی او اور بارا پُلا پر ٹریفک معمول کے مطابق رہا۔
گپتا نے زور دے کر کہا کہ حکومت کچھ علاقوں میں صورتحال بہتر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں دیرپا حل کی ضرورت ہے۔ اگلے برس بارش کے دوران حالات مزید بہتر ہوں گے۔ حکومت اس کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔