نئی دہلی: مسلسل خراب نتائج کے بعد ہونے والی تنقید اور ’بیرونی شور‘ سے بے پرواہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ ان کی پوری توجہ ہندوستان کے لیے ٹرافیاں جیتنے پر ہے۔ گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد ہندوستان کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آسٹریلیا کے دورے پر بھی ٹیم کو بری طرح شکست ہوئی۔
تاہم انگلینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنا ان کے دورِ کوچنگ کا ایک مثبت پہلو رہا۔ اتوار سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے ایک روز قبل گمبھیر سے جب ان کے خلاف ہونے والی تنقید کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، ’’تنقید؟ میرا کام ٹرافیاں جیتنا ہے۔ میں صرف اسی پر یقین کرتا ہوں اور اسی کی پروا کرتا ہوں۔ یہی میرے اور باقی لوگوں کے درمیان فرق ہے۔
مجھے لوگوں کی رائے یا ’لائکس‘ کی فکر نہیں ہے۔‘‘ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر کے ساتھ اپنی گفتگو کے بارے میں پوچھے جانے پر گمبھیر نے کہا کہ بات چیت کا مرکز ہندوستانی کرکٹ کو آگے لے جانے اور درست فیصلے کرنے پر ہوتا ہے۔