شہریت کی تصدیق کے بغیر ملک بدری ممکن نہیں: مرکز

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
شہریت کی تصدیق کے  بغیر ملک بدری ممکن نہیں: مرکز
شہریت کی تصدیق کے بغیر ملک بدری ممکن نہیں: مرکز

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ جس غیر ملکی شہری کی شہریت کی تصدیق نہ ہوئی ہو، اسے اس وقت تک ملک بدر نہیں کیا جا سکتا جب تک اس کا اصل ملک اس کی شہریت کی توثیق کرکے اسے واپس لینے پر رضامند نہ ہو۔

وزارتِ داخلہ نے یہ بات سپریم کورٹ میں داخل اپنے حلف نامے میں کہی۔ یہ حلف نامہ اس عرضی کے جواب میں داخل کیا گیا ہے جس میں آسام میں غیر ملکی قرار دیے گئے ایسے افراد کی غیر معینہ مدت تک حراست کو چیلنج کیا گیا ہے، جن کی فی الحال ملک بدری ممکن نہیں ہے۔

مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامے میں کہا، "جس غیر ملکی شہری کی شہریت نامعلوم یا غیر مصدقہ ہو، اسے اسی وقت ملک بدر کیا جا سکتا ہے جب اس کی شہریت کی تصدیق ہو جائے، اس کے پاس درست سفری دستاویزات موجود ہوں یا متعلقہ ملک اسے قبول کرنے پر آمادہ ہو۔

شہریت کی تصدیق کے بغیر ملک بدری کا عمل شروع نہیں کیا جا سکتا۔" حلف نامے کے مطابق، کسی غیر ملکی شہری کو سزا مکمل ہونے یا اس کے خلاف زیرِ التوا عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد متعلقہ ریاست، مرکز کے زیر انتظام علاقے یا فارن ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) کی جانب سے اسی صورت میں ملک بدر کیا جا سکتا ہے جب اس کے پاس درست پاسپورٹ یا دیگر سفری دستاویزات ہوں اور اس کے خلاف کوئی دوسرا فوجداری مقدمہ زیرِ سماعت نہ ہو۔ مرکزی حکومت نے مزید کہا کہ کسی بھی غیر ملکی کو ملک بدر کرنے سے پہلے شہریت کی تصدیق کے عمل کے تحت متعلقہ ملک کے سفارت خانے یا ہائی کمیشن سے ضروری سفری دستاویزات حاصل کرنا لازمی ہے۔