نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمالی ہندوستان میں آئندہ سات دنوں تک صبح اور رات کے اوقات میں گھنے سے انتہائی گھنے کوہرے کے چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق پنجاب، اتراکھنڈ، ہریانہ، چندی گڑھ، مغربی مدھیہ پردیش، بہار، مشرقی راجستھان اور مشرقی اتر پردیش میں 5 سے 9 جنوری کے دوران انتہائی گھنے کوہرے کے ساتھ سرد لہر کی بھی شدید امکان ہے۔ تاہم قومی راجدھانی خطہ دہلی میں گھنا کہرا تو رہے گا، لیکن سرد لہر کی صورتحال بننے کا امکان نہیں ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق 5 جنوری کو دہلی میں گھنا کہرا چھایا رہے گا، لیکن سرد لہر کی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے، البتہ کچھ علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے کم رہ سکتا ہے۔ اس دوران ہواؤں کی رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ راجستھان کے فتح پور میں اتوار کو کم سے کم درجۂ حرارت 1.1 ڈگری سیلسیس جبکہ لونکرسنر میں 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ایم ڈی نے پیر کے لیے الور، جھنجھونو، کوٹ پوتلی، سیکر، چورو اور خیرتھل میں سرد لہر اور کئی دیگر علاقوں میں گھنے کوہرے کے لیے پیلی وارننگ جاری کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے ہریانہ اور پنجاب کے لیے 5 اور 6 جنوری کو اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے انتہائی گھنے کوہرے اور سرد لہر سے خبردار کیا ہے۔
اتر پردیش کا موسم کیسا رہے گا؟
اتر پردیش کے وسطی حصوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 3 سے 6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ریاست کے دیگر حصوں میں بھی کم سے کم درجۂ حرارت میں معمولی مزید کمی آ سکتی ہے، جس کے بعد درجۂ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مشرقی اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ ریاست کے مغربی حصوں میں بھی بعض مقامات پر کہرا رہ سکتا ہے۔ کوہرے اور سرد ہواؤں کے باعث آئندہ چند دنوں تک درجۂ حرارت معمول سے نیچے رہنے کی توقع ہے۔
راجستھان میں گھنے کوہرے کا یلو الرٹ
آئی ایم ڈی نے 5 اور 6 جنوری کو شمالی اور وسطی کشمیر کے بلند مقامات پر بعض جگہوں پر ہلکی بارش یا برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسی دوران راجستھان کے فتح پور میں کم سے کم درجۂ حرارت 1.1 ڈگری اور مغربی راجستھان کے لونکرسنر میں 2.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ آئی ایم ڈی نے پیر کے لیے الور، جھنجھونو، کوٹ پوتلی، سیکر، چورو اور خیرتھل میں سرد لہر اور کئی دیگر علاقوں میں گھنے کوہرے کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے 5 جنوری کو نینی تال، پَوری گڑھوال، چمولی، پتھوراگڑھ، چمپاوَت، اودھم سنگھ نگر اور ٹہری گڑھوال کے لیے سرد لہر اور گھنے کوہرے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ پیر کے روز مشرقی اتر پردیش کے کئی اضلاع میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ پیر کو کانپور، فتح گڑھ، ایودھیا، لکھنؤ، بہرائچ سمیت متعدد علاقے سردی اور گھنے کوہرے کی لپیٹ میں رہیں گے۔
بدھ تک ہوا انتہائی خراب رہے گی
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق بدھ تک ہوا کا معیار انتہائی خراب زمرے میں برقرار رہنے کا امکان ہے۔ این سی آر میں گروگرام کی ہوا سب سے زیادہ آلودہ ریکارڈ کی گئی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 333 رہا، جو انتہائی خراب زمرہ ہے۔
اسی طرح گریٹر نوئیڈا میں اے کیو آئی 316، نوئیڈا میں 307 اور غازی آباد میں 298 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس فرید آباد کی ہوا نسبتاً سب سے صاف رہی، جہاں اے کیو آئی 215 درج کیا گیا، جو خراب زمرے میں آتا ہے۔ مسلسل دو دن تک ‘خراب’ زمرے میں رہنے کے بعد اتوار کو ایک بار پھر دہلی کی ہوا کا معیار ‘انتہائی خراب’ زمرے میں پہنچ گیا۔
دہلی کے 24 نگرانی مراکز میں ہوا انتہائی خراب
سی پی سی بی کے ایپ ‘سمیر’ کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے 37 میں سے 24 نگرانی مراکز پر شام سات بجے کے بعد ہوا کا معیار 300 سے 400 کے درمیان یعنی ‘انتہائی خراب’ زمرے میں درج کیا گیا۔ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ جہانگیر پوری رہا، جہاں اتوار شام سات بجے اے کیو آئی 366 ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آنند وہار میں 358، اشوک وہار میں 342، چاندنی چوک میں 364، ڈی ٹی یو میں 342، دلشاد گارڈن میں 348، روہنی میں 363، شادی پور میں 356 اور وزیر پور میں اے کیو آئی 350 درج کیا گیا۔ جبکہ 11 نگرانی مراکز ایسے رہے جہاں ہوا کا معیار 200 سے 300 کے درمیان یعنی ‘خراب’ زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔