اساتذہ کی بھرتی معاملہ: مغربی بنگال اسمبلی کے سامنے مظاہرہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-09-2025
اساتذہ کی بھرتی  معاملہ: مغربی بنگال اسمبلی کے سامنے مظاہرہ
اساتذہ کی بھرتی معاملہ: مغربی بنگال اسمبلی کے سامنے مظاہرہ

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
ٹیچر اہلیت امتحان  2022 میں کامیاب تقریباً 200 امیدواروں نے جمعرات کو مغربی بنگال کے پرائمری اور ہائی پرائمری اسکولوں میں فوری تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے ڈورینا کراسنگ، ایسپلانیڈ سے اسمبلی تک ریلی نکالی۔ جب پولیس نے اسمبلی گیٹ کے قریب پہنچنے سے پہلے انہیں روکنے کی کوشش کی تو دونوں جانب سے جھڑپ ہوگئی۔
ٹی ای ٹی میں کامیاب ہونے کا دعویٰ کرنے والی سومیا برمن نے کہا کہ ہم تین سال سے انتظار کر رہے ہیں لیکن حکومت نے سیکڑوں پرائمری اور ہائی پرائمری اسکولوں میں اساتذہ کی خالی آسامیوں پر اب تک ہماری تقرری نہیں کی ہے۔ وہ جزوقتی اساتذہ اور پیرا ٹیچرز پر کام کا بوجھ ڈال رہے ہیں جبکہ ہم روزگار کے انتظار میں ہیں۔
ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے مظاہرین اسمبلی کے سامنے بیٹھ گئے، جس کے بعد پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس  کے اہلکاروں نے انہیں وہاں سے ہٹا کر پولیس وین میں ڈال دیا۔ صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے خاتون پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود تھیں۔
کچھ مظاہرین کو پولیس افسران سے اسمبلی گیٹ کے سامنے بیٹھنے کی اجازت مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ چونکہ یہ علاقہ ممنوعہ زون میں آتا ہے، اس لیے مظاہرین کو کم سے کم طاقت کا استعمال کرتے ہوئے منتشر کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔