جمہوریت کوخطرہ لاحق ہے: ممتا بنرجی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2025
جمہوریت کوخطرہ لاحق ہے: ممتا بنرجی
جمہوریت کوخطرہ لاحق ہے: ممتا بنرجی

 



کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آئین (130ویں ترمیم) بل، 2025 کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم ’سپر ایمرجنسی‘ سے بھی بڑا خطرہ ہے، جو ہندوستان میں جمہوری دور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دے گا۔

بدھ کے روز مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں تین آئینی ترمیمی بل پیش کیے، جن میں یہ تجویز شامل ہے کہ اگر وزیر اعظم، مرکزی وزیر، کسی ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے کے وزیر اعلیٰ یا وزیر کو سنگین فوجداری الزامات میں مسلسل 30 دن تک گرفتار یا حراست میں رکھا جائے، تو انہیں عہدے سے برطرف کیا جا سکے گا۔

ممتا بنرجی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا کہ یہ بل نہ صرف عدلیہ کی آزادی کو کچل دے گا بلکہ ملک کے وفاقی ڈھانچے اور جمہوری اقدار کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا: میں بھارت سرکار کی جانب سے آج پیش کیے جانے والے 130ویں آئینی ترمیمی بل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ میں اسے ایک ایسے قدم کے طور پر دیکھتی ہوں جو نہ صرف ایک سپر ایمرجنسی ہے، بلکہ ہندوستان کے جمہوری دور کا خاتمہ بھی کر دے گا۔

یہ ایک جابرانہ اقدام ہے جو ملک میں جمہوریت اور وفاقیت دونوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ممتا بنرجی نے مزید الزام لگایا کہ: اس بل کا اصل مقصد ایک شخص - ایک پارٹی - ایک حکومت' کے ماڈل کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ ترمیم ہندوستانی آئین کے بنیادی ڈھانچے کو پامال کرتی ہے۔

انہوں نے تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کی بھرپور مخالفت کریں، کیونکہ یہ بل اگر منظور ہو گیا تو ملک کے آئینی و جمہوری ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جمہوریت کو بچانے کے لیے اس بل کی ہر قیمت پر مخالفت کی جانی چاہیے۔