کشمیری پنڈت بحالی کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-06-2026
کشمیری پنڈت بحالی کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ
کشمیری پنڈت بحالی کمیٹی کی تشکیل نو کا مطالبہ

 



نئی دہلی
جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے ہفتہ کے روز کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بازآبادکاری کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کو دوبارہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
سال 2009 میں جموں و کشمیر کی اُس وقت کی حکومت نے بے گھر کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بازآبادکاری کی نگرانی اور مرکز کی جانب سے اعلان کردہ بحالی اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی تھی۔
اس وقت بھی عمر عبداللہ ہی وزیرِ اعلیٰ تھے۔اس کمیٹی میں حکومتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ مختلف کشمیری پنڈت تنظیموں کے اراکین بھی شامل تھے۔بیرونِ ملک مقیم کشمیری پنڈتوں کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ناصر اسلم وانی نے کہا کہ 2014 میں تحلیل کی گئی اس کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اس کے علاوہ ہمیں مل بیٹھ کر بات چیت بھی کرنی ہوگی۔ آپ کی طرف سے کچھ نمائندے اور ہماری طرف سے کچھ نمائندے آپس میں گفتگو کریں گے اور (کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے لیے) کوئی راستہ نکالیں گے۔ میرے خیال میں سرکاری سطح پر اس کمیٹی کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
وانی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی اپنی آبائی سرزمین میں محفوظ اور باوقار واپسی کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل تیار کرنے کی غرض سے اس کمیٹی کو دوبارہ فعال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیٹی آپ کی برادری سے بات کرے گی اور مناسب فیصلے کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیرِ اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر سے بھی بات کریں گے اور جلد ہی اس کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل عمل میں لائیں گے۔وزیرِ اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ 1990 میں وادی کشمیر میں شدت پسندی کے عروج نے صرف کشمیری پنڈتوں ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کو بھی متاثر کیا تھا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 1990 کے طوفان نے سب کو متاثر کیا تھا۔ اس کے اثرات دونوں برادریوں پر پڑے تھے اور اس مسئلے کا حل بھی باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے ہی نکلے گا۔