ہیڈگیوار کو ’’بھارت رتن‘‘ دینے کی مانگ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
ہیڈگیوار کو ’’بھارت رتن‘‘ دینے کی مانگ
ہیڈگیوار کو ’’بھارت رتن‘‘ دینے کی مانگ

 



نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی نے صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کو خط لکھ کر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بانی کیشو بلی رام ہیڈگیوار کو بعد از مرگ ’’بھارت رتن‘‘ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خط میں صدیقی نے ہیڈگیوار کو آزادی کا مجاہد اور قوم کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کی آزادی اور قوم سازی میں جو خدمات انجام دی ہیں، ان کے اعتراف میں انہیں بھارت کے سب سے بڑے شہری اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو بھی تقویت ملے گی۔ جمال صدیقی نے کہا کہ ہیڈگیوار جی کی قربانی اور خدمات جیسے آزادی کی جدوجہد میں سرگرم شمولیت، تنظیم قائم کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اور ’’ایک بھارت‘‘ کا خواب—کو دیکھتے ہوئے انہیں بھارت رتن دینا بالکل موزوں ہوگا۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کے کام کو تسلیم کرے گا بلکہ پورے ملک میں خدمتِ خلق میں مصروف رضاکاروں کے لیے بھی تحریک بنے گا۔

کیشو بلی رام ہیڈگیوار کا جنم یکم اپریل 1889 کو ناگپور میں ہوا تھا۔ انہوں نے 1925 میں آر ایس ایس کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ تنظیم اس سال دو اکتوبر کو وجے دشمی کے موقع پر اپنے 100 سال مکمل کر رہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی آر ایس ایس کے صد سالہ جشن کے موقع پر آج دہلی کے ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) نے اس کی اطلاع دی۔ اس تقریب میں وزیراعظم نے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ اور یادگاری سکہ بھی جاری کیا، جو آر ایس ایس کے مبینہ قومی خدمات کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے ’من کی بات‘ پروگرام میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس اور اس کے بانی ہیڈگیوار کے ’’غیر معمولی اور متاثر کن‘‘ سفر کی تعریف کی۔

مودی، جو خود بھی پہلے آر ایس ایس سے وابستہ رہے ہیں، نے کہا کہ جب 100 سال قبل آر ایس ایس کی بنیاد رکھی گئی تھی، اُس وقت بھارت غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا: ’’صدیوں کی غلامی نے ہمارے خود اعتمادی اور خودداری کو گہری چوٹ پہنچائی تھی۔

دنیا کی سب سے قدیم تہذیب اپنی شناخت کے بحران سے دوچار تھی۔ ہمارے شہری احساسِ کمتری میں مبتلا تھے۔ ایسے وقت میں پوجنیہ ہیڈگیوار جی نے وجے دشمی کے مبارک موقع پر 1925 میں آر ایس ایس کی بنیاد رکھی۔ ہیڈگیوار جی کے انتقال کے بعد ’گرو جی‘ نے اس عظیم خدمت کو آگے بڑھایا۔‘‘