دہلی والے ہاٹ ایئر بیلون کی سواری کا لطف اٹھا سکیں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-11-2025
دہلی والے ہاٹ ایئر بیلون کی سواری کا لطف اٹھا سکیں گے
دہلی والے ہاٹ ایئر بیلون کی سواری کا لطف اٹھا سکیں گے

 



نئی دہلی: دہلی کے رہائشی اس ہفتے کے آخر سے ہاٹ ایئر بیلون کی سواری کا لطف اٹھا سکیں گے۔ دہلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے منگل کے روز بانسیرا میں اس کا تجرباتی آغاز کر دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ سہولت ہفتے کے روز سے عام عوام کے لیے دستیاب ہوگی اور اس کا ٹکٹ فی کس 3,000 روپے (ٹیکس الگ) ہوگا۔

سکسینہ نے کہا، ’’میں نے پہلے ہی دہلی کے لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہم تفریح کے لیے نئی چیزیں متعارف کراتے رہیں گے۔ حال ہی میں کئی باغات اور تفریحی مقامات تیار کیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں ‘ہاٹ ایئر بیلون’ کی سواری بھی شامل ہے، جس کا تجرباتی آغاز آج کیا گیا۔‘

‘ جولائی میں ڈی ڈی اے نے چار مقامات پر ہاٹ ایئر بیلون کی سواری چلانے کے لیے ایک نجی ایجنسی کا انتخاب کیا تھا۔ ان چار مقامات میں یمنا اسپورٹس کمپلیکس، کامن ویلتھ گیمز کمپلیکس اور یمنا کنارے پر دو دیگر مقامات—اسیٹا اور سرائے کالے خان کے نزدیک بانسیرا—شامل ہیں۔ ڈی ڈی اے کے ایک بیان کے مطابق روزانہ چار گھنٹے کے لیے اس سہولت کی اجازت ہوگی، تاہم ضرورت پڑنے پر اسے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق ہر ہاٹ ایئر بیلون میں چار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ ایک ٹرِپ سات سے بارہ منٹ تک جاری رہے گی۔ سکسینہ نے کہا، ’’میں نے اس سواری کا تجربہ کیا اور میں خوش اور مطمئن ہوں۔ حفاظت کے لحاظ سے غبارے کے ساتھ چار رسّیاں بندھی ہیں جن میں سے ہر ایک رسّی سات ٹن وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آج ہم زمین سے 120 فٹ کی بلندی تک گئے۔‘‘ یہ سہولت جب دیگر تین مقامات پر بھی شروع ہو جائے گی تو دہلی کی سیاحتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔