نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے پرانے ریلوے پُل پر جمنا ندی کا پانی جمعرات کی صبح 9 بجے 207.47 میٹر ریکارڈ کیا گیا اور اُبلتی ہوئی جمنا ندی کا پانی آس پاس کے علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صبح 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان پانی کی سطح 207.48 میٹر پر قائم رہی۔ صبح 5 بجے پانی کی سطح 207.47 میٹر تھی جبکہ 6 بجے یہ 207.48 میٹر تک پہنچ گئی۔ حکام کے مطابق رات 2 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان پانی کی سطح 207.47 میٹر پر مستحکم رہی۔
سیلاب کا پانی دہلی سکریٹریٹ تک پہنچ گیا ہے جہاں وزیراعلیٰ، کابینہ وزراء اور اعلیٰ افسران کے دفاتر ہیں۔ واسودیو گھاٹ کے آس پاس کے علاقوں میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ مایور وہار فیز ون جیسے کچھ نشیبی علاقوں میں بھی سیلاب کا پانی بھر گیا ہے، حتیٰ کہ وہاں لگائے گئے راحت کیمپ بھی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
موناستری مارکیٹ اور جمنا بازار جیسے علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں۔ مقامی لوگ امید کر رہے ہیں کہ پانی کم ہو جائے گا اور معمولاتِ زندگی بحال ہو جائیں گے۔کشمیر گیٹ کے قریب شری مرگھٹ والے ہنومان بابا مندر تک بھی سیلاب کا پانی پہنچ گیا ہے۔
ایک عقیدت مند نے کہا کہ ہر سال جب جمنا کا پانی بڑھتا ہے تو اس سے بھگوان ہنومان کا سنان ہوتا ہے۔ یہ مقدس پانی ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔ بدھ کو نگمبودھ گھاٹ میں سیلابی پانی بھر گیا، جس کی وجہ سے آخری رسومات کا عمل رُک گیا۔ گیتا کالونی شمشان گھاٹ بھی ڈوب گیا۔ تاہم، گیتا کالونی شمشان گھاٹ کے انچارج سنجے شرما نے پی ٹی آئی ویڈیو کو بتایا کہ "دہن کا عمل بند نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2023 میں بھی شمشان گھاٹ میں پانی بھر گیا تھا اور آج پھر تقریباً 10 فٹ تک پانی آگیا ہے۔ نقصان بہت بڑا ہے کیونکہ باہر رکھی تمام لکڑیاں ضائع ہو گئی ہیں۔ ہمیں انتظامیہ سے کوئی مدد نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ کچھ شمشان گھاٹ پہلے ہی بند ہو چکے ہیں اس لیے لوگ دور دراز سے یہاں آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی طرح آخری رسومات کا انتظام کر رہے ہیں۔ شمشان گھاٹ کے اندر کی سڑک ہی قابلِ استعمال بچی ہے اور فی الحال ہم سڑک پر ہی دہن کر رہے ہیں۔ اگر پانی کی سطح اور بڑھ گئی تو وہ بھی ممکن نہیں ہوگا۔
دہلی کے عوام کے لیے یہ دوہری مار ہے کیونکہ گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے جہاں سڑکوں پر پانی بھرنے اور ٹریفک جام کی پریشانی ہے، وہیں جمنا ندی میں طغیانی کے سبب سیلاب آ گیا ہے۔
چندگی رام اکھاڑے کے قریب سول لائنز میں بھی شدید پانی بھر گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ بارش ہوتے ہی ہمیشہ پانی بھر جاتا ہے لیکن حکام نے صورتِ حال بہتر کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
بدھ کی شام جاری سیلاب کنٹرول بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ جمعرات صبح 8 بجے پرانے ریلوے پُل پر پانی کی سطح 207.48 میٹر ہوگی اور اس کے بعد اس میں کمی آنے کا امکان ہے۔ پرانا ریلوے پُل ندی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلاب کے خطرات پر نظر رکھنے کے لیے ایک اہم مشاہداتی مقام کے طور پر کام کرتا ہے۔
محکمہ ریونیو کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ 8,018 افراد کو خیموں پر مشتمل عارضی شیلٹروں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 2,030 افراد کو 13 مستقل پناہ گاہوں میں پہنچایا گیا ہے۔ حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ 24 گھنٹے صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے