نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈوسو) کے انتخابات میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے صدر سمیت تین عہدوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ کانگریس کی حامی نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کو سخت مقابلے میں صرف ایک عہدے پر اکتفا کرنا پڑا۔
اے بی وی پی کے آریان مان نے صدر کے عہدے پر 16,196 ووٹوں کے فرق سے این ایس یو آئی امیدوار جوسلین نندیتا چودھری کو شکست دی۔ این ایس یو آئی کے امیدوار راہل جھانسلا (29,339 ووٹ) نے نائب صدر کے عہدے پر اے بی وی پی کے گووند تنور (20,547 ووٹ) کو ہرایا۔
اے بی وی پی کے کنال چودھری نے 23,779 ووٹ حاصل کرکے این ایس یو آئی کے کبیر کو شکست دیتے ہوئے سکریٹری کا عہدہ جیت لیا۔ اے بی وی پی کی دیپیکا جھا نے لوکُش بھڑانا کو شکست دے کر جوائنٹ سکریٹری کا عہدہ حاصل کیا۔ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (آئیسا) دونوں ہی خالی ہاتھ رہ گئے۔
این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا: “پارٹی نے اس انتخاب میں سخت جدوجہد کی۔ یہ انتخاب صرف اے بی وی پی کے خلاف نہیں تھا بلکہ ڈیو انتظامیہ، دہلی حکومت، مرکزی حکومت، سنگھ-بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دہلی پولیس کی مشترکہ طاقت کے خلاف بھی تھا۔”
انہوں نے کہا: “اس کے باوجود، دہلی یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ ہمارے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے اور ہمارے امیدواروں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ این ایس یو آئی پینل سے نو منتخب ڈوسو نائب صدر راہل جھانسلا اور کامیاب ہونے والے تمام دیگر عہدیداروں کو نیک تمنائیں۔
جیت ہو یا ہار، این ایس یو آئی ہمیشہ طلبہ، ان کے مسائل اور دہلی یونیورسٹی کو بچانے کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ ہم مزید مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔” سال 2024 کے ڈوسو انتخابات میں این ایس یو آئی نے سات سال کے وقفے کے بعد صدر اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔