نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی حکومت نے شدید گرمی میں دہلی پولیس اہلکاروں کو راحت دینے کے لیے "کول جیکٹ" دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسی کے ساتھ مون سون میں پانی بھراؤ (واٹر لاگنگ) سے نمٹنے کے لیے بھی خاص منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ دہلی کے تعمیراتی امور کے وزیر پرویش ورما نے کہا کہ دہلی حکومت صرف اے سی کمروں سے نہیں چلتی، ہمارے مزدور، ہمارے ٹریفک پولیس کے اہلکار، جو شدید گرمی اور بارش میں سڑکوں پر ڈیوٹی کرتے ہیں، دہلی کی رفتار انہی سے چلتی ہے۔ آج ہم ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں کہ انہیں "کول جیکٹ" فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کول جیکٹس کے اندر پنکھے لگے ہوئے ہیں، جو بیٹری سے چلتے ہیں، تاکہ گرمی میں انہیں پنکھوں سے ہوا ملتی رہے اور وہ تروتازہ رہیں۔ اس وقت جو شدید گرمی پڑ رہی ہے، اس میں ان کی صحت متاثر نہ ہو، اسی لیے ہم انہیں یہ کول جیکٹ دے رہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ فی الحال یہ اسکیم آزمائشی بنیادوں پر شروع کی گئی ہے اور آگے چل کر بڑے پیمانے پر اس کا آغاز کرنے کا منصوبہ ہے۔
مون سون سے نمٹنے کی تیاری
مون سون کے تعلق سے وزیر پرویش ورما نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں مون سون کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ دہلی میں لوگ پہلے کہتے تھے کہ بارش نہ ہو تو بہتر ہے، کیونکہ سڑکیں پانی سے بھر جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مون سون دیوتا کا خیر مقدم کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ خوب زور سے بارش ہو۔ ہم نے پچھلے چار ماہ میں نالوں کی صفائی، منٹو برج کا کام، آئی ٹی آئی سمیت تمام اہم واٹر لاگنگ پوائنٹس پر دن رات کام کیا ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ کچھ مقامات پر بڑے نالوں کی تعمیر کا کام ابھی جاری ہے، جو ایک سے ڈیڑھ سال تک مکمل ہوگا، کچھ جگہوں پر چار سے چھ ماہ میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔ ہمارے بہت سے قلیل مدتی منصوبے پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ جہاں شدید پانی جمع ہوتا تھا، وہاں کام مکمل کر لیا گیا ہے، اگلی بارش میں اس کے اثرات صاف نظر آئیں گے اور دہلی مزید بہتر دکھے گی۔
سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کی مہم
اس سے قبل دہلی حکومت نے مون سون سے پہلے سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کے لیے ایک بڑی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت محکمہ تعمیرات عامہ نے 3400 گڑھوں کو بھرنے کا کام شروع کیا ہے۔ لکشمی نگر علاقے کے وکاس مارگ پر پہلے ہی گڑھوں کو بھرنے کا کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ شاہدرہ، چترنجن پارک، ساؤتھ دہلی، مہرو لی، نئی دہلی، آؤٹر دہلی، ویسٹ دہلی سمیت دیگر علاقوں میں صبح سے ہی سڑکوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔
وزیر پرویش ورما نے کہا تھا کہ محکمہ تعمیرات عامہ مون سون سے پہلے ایک دن میں 3400 گڑھوں کو بھر کر 1400 کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں کو محفوظ اور ہموار بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف سڑکوں کی مرمت تک محدود نہیں ہے بلکہ دہلی کے عوام کے تئیں ہماری ذمہ داری کا مظہر ہے۔