نئی دہلی: دہلی پولیس نے بتایا کہ ہولی کے دن دو خاندانوں کے درمیان جھڑپ میں 26 سالہ نوجوان کی موت کے بعد اُتم نگر علاقے میں نیم فوجی دستے اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ معلومات ایک افسر نے جمعہ کو دی۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ایک نابالغ کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور انہیں گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
افسر نے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی طور پر اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ایک ہندو سیاسی تنظیم کے اراکین نے بھی پولیس کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے، جس میں ترون (26) کی موت اور متاثرہ خاندان پر ہونے والے مبینہ حملے میں شامل تمام ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ کو اُتم نگر کے جے جے کالونی علاقے میں پیش آیا، جب ہولی کے جشن کے دوران مختلف کمیونٹیز کے دو خاندانوں کے درمیان تنازعہ تشدد میں بدل گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جھڑپ ایک غبارے سے رنگین پانی چھڑکنے کے بعد شروع ہوئی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے افراد کے درمیان شدید بحث ہو گئی۔
اس جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والے ترون بعد میں اسپتال میں علاج کے دوران چل بسے۔ متوفی کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ چھت پر ہولی کھیل رہی 11 سالہ بچی نے نیچے اپنے رشتہ داروں پر پانی کا غبارہ پھینکا، لیکن وہ سڑک پر گِر کر پھٹ گیا، جس سے دوسرے خاندان کی ایک خاتون پر رنگین پانی پڑ گیا۔
جھڑپ میں زخمی ہونے والے ترون کے دادا مان سنگھ نے الزام لگایا کہ خاتون نے ان پر گالیاں دی اور جلد ہی اپنے خاندان کے کئی افراد کو اکٹھا کیا، جنہوں نے مبینہ طور پر ہولی کھیل رہے لوگوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اگرچہ شروع میں صورتحال پر سکون دکھائی دی، لیکن بعد میں لوگوں کا ایک گروہ دوبارہ اکٹھا ہوا اور ترون پر اس وقت حملہ کر دیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہولی کھیل کر گھر لوٹ رہا تھا۔
سنگھ نے کہا، "انہوں نے اسے بے رحمی سے پیٹا اور جب وہ سڑک پر پڑا ہوا تھا تو اس کے سینے پر ایک بڑا پتھر بھی پھینکا۔" ترون کے چچا رامیش نے بھی الزام لگایا کہ نوجوان پہلے ہوئے تنازعے سے لاعلم تھا اور جب وہ گلی میں داخل ہوا تو لاٹھی، ڈنڈے اور پتھروں سے لیس آٹھ سے دس افراد کے گروہ نے اس پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے بعد، اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اُتم نگر تھانے کے باہر احتجاج کیا۔
علاقے میں کھڑی کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور مظاہرین نے ملزمان سے ٹکراؤ کرنے کی کوشش بھی کی۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کر کے ہجوم کو منتشر کر دیا۔ پولیس نے کہا کہ صورتحال پر قریب سے نظر رکھی جا رہی ہے اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔ گواہوں کے بیانات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کشل پال سنگھ نے کہا، پولیس ٹیموں نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے اور ایک نابالغ کو حراست میں لیا گیا ہے۔