دہلی: اسکولوں کو ایک اور بم کی دھمکی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-09-2025
دہلی: اسکولوں کو ایک اور بم کی دھمکی
دہلی: اسکولوں کو ایک اور بم کی دھمکی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے اسکولوں کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ ہفتہ کی صبح  ڈی پی ایس دوارکا، کرشن ماڈل اور سروودیہ ودیالیہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ایک بار پھر ای میل کے ذریعے یہ دھمکی بھیجی گئی۔ موقع پر بم اسکواڈ پہنچ چکا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کو باہر نکال دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
 جن اسکولوں کو بم کی دھمکی ملی ہے، وہاں امتحانات چل رہے تھے۔ اسی دوران صبح ساڑھے چھ بجے دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کو ایک کال موصول ہوئی اور بم کے بارے میں اطلاع دی گئی۔ فوراً ہی انتظامیہ ایکشن میں آ گیا اور جانچ شروع کر دی گئی۔
اگست میں دہلی کے 32 سے زیادہ اسکولوں کو بم دھماکے کی دھمکی والے ای میلز بھیجے گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر اسکول دوارکا علاقے میں واقع تھے، جن میں دہلی پبلک اسکول،  انٹرنیشنل پبلک اسکول، شری وینکٹیشور اسکول اور گلوبل اسکول شامل تھے۔ دھمکی کے بعد ڈی پی ایس دوارکا کو ایک دن کے لیے بند کرنا پڑا اور طلبہ کو گھر بھیج دیا گیا۔
ان تمام دھمکیوں میں دو باتیں مشترک رہی ہیں: پہلی یہ کہ یہ تمام دھمکیاں ای میل کے ذریعے اسکولوں تک پہنچتی ہیں، اور دوسری یہ کہ ان میں سے زیادہ تر دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوتی ہیں۔ پولیس کئی معاملات کی جانچ کر رہی ہے اور یہ سمجھنے کی کوشش میں ہے کہ آخر کون اس طرح خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔