نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی–این سی آر اور اس کے آس پاس کے شہروں میں فضائی آلودگی نے حالات کو انتہائی خراب کر دیا ہے۔ بدھ کی صبح ایئر کوالٹی انڈیکس کے اعداد و شمار حیران کرنے والے ہیں۔ کئی شہروں میں ہوا کی کیفیت ‘خطرناک’ اور ‘شدید’ درجے میں پہنچ گئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں اے کیو آئی انتہائی شدید سطح پر ہے۔ اس کے علاوہ آس پاس کے شہروں میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ غازی آباد اور نوئیڈا میں لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں اے کیو آئی بالترتیب 409 اور 414 تک پہنچ گیا، جو ’ہیزرڈس‘ (خطرناک) زمرے میں آتا ہے۔ دہلی کا اوسط اے کیو آئی 389 رہا، جو ’شدید‘ زمرہ ہے۔
شہری ہوا کی کیفیت
گریٹر نوئیڈا: 414 (خطرناک)
نوئیڈا: 409 (خطرناک)
غازی آباد: 395 (خطرناک)
دہلی: 389 (شدید)
لکھنؤ: 362 (شدید)
چندی گڑھ: 306 (شدید)
میرٹھ: 297 (شدید)
دہرہ دون: 155 (خراب)
ماہرین کے مطابق یہ سطح نہایت خطرناک ہے اور بچوں، بوڑھوں اور سانس کی بیماریوں کے مریضوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔ آلودگی کنٹرول بورڈ نے لوگوں کو باہر نکلنے پر ماسک پہننے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کتنی اے کیو آئی سطح خطرناک مانی جاتی ہے؟
سی پی سی بی کے مطابق
۔0–50: اچھا
۔51–100: تسلی بخش
۔101–200: درمیانی
۔201–300: خراب
۔301–400: بہت خراب
۔401–500: شدید خطرناک
منگل کو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو معمول سے 2.3 ڈگری کم ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے اور ہلکی دھند و درمیانی کہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دہلی حکومت کے احکامات
دہلی حکومت نے ضلع مجسٹریٹس، پولیس ڈپٹی کمشنرز اور مقامی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ قومی دارالحکومت کے تمام نجی دفاتر میں 50 فیصد ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنا لازمی بنایا جائے۔ یہ پہلا موقع ہے جب نجی کمپنیوں کو ورک فرام ہوم کے فیصلے کو لازمی طور پر نافذ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے حکومت صرف مشورہ جاری کرتی تھی۔
آلودگی کیوں بڑھ رہی ہے؟
پرالی جلانے کا اثر اب بھی جاری
ٹھنڈی ہواؤں کی کمی اور درجہ حرارت میں کمی سے آلودگی زمین کے قریب پھنس رہی ہے گاڑیوں کا دھواں اور تعمیراتی سرگرمیاں بھی خطرے میں اضافہ کر رہی ہیں
صحت پر اثرات
ڈاکٹروں کے مطابق اس سطح کی آلودگی پھیپھڑوں کی طاقت کو کم کرتی ہے، دل کی بیماریوں کے خطرے میں اضافہ کرتی ہے، اور بچوں و بوڑھوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔
لمبے عرصے تک ایسی ہوا میں رہنے سے دائمی برونکائٹس، دمہ اور یہاں تک کہ کینسر کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کی اہم ہدایات
باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ضرورت پڑنے پر این 95 ماسک ضرور پہنیں۔
گھر میں ایچ ای پی اے فلٹر والے ایئر پیوریفائر استعمال کریں۔
بچوں اور بوڑھوں کو مکمل طور پر گھر کے اندر رکھیں۔