دہلی کی پرانی گاڑیوں کو سپریم کورٹ سے راحت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2025
دہلی کی پرانی گاڑیوں کو سپریم کورٹ سے راحت
دہلی کی پرانی گاڑیوں کو سپریم کورٹ سے راحت

 



نئی دہلی: دہلی اور این سی آر میں بڑھتے ہوئے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پرانے ڈیزل اور پٹرول گاڑیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ لیکن اب سپریم کورٹ نے دہلی حکومت کی درخواست پر فی الحال ان گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اس معاملے کی اگلی سماعت چار ہفتے بعد ہوگی۔ دہلی حکومت نے 2018 میں اپنے اُس حکم کا جائزہ لینے کی مانگ کی ہے، جس میں 10 سال سے زائد پرانی ڈیزل اور 15 سال سے زائد پرانی پٹرول گاڑیوں پر پابندی لگائی گئی تھی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی ٹیکنالوجی میں بہتری آئی ہے، خاص طور پر BS VI معیار نافذ ہونے کے بعد، جس سے یہ گاڑیاں کم آلودگی پھیلاتی ہیں۔ اس لیے اب صرف عمر کی بنیاد پر پابندی لگانا سائنسی اور تکنیکی طور پر درست نہیں ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کچھ گاڑیاں، جیسے ذاتی استعمال کی گاڑیاں، کم فاصلہ طے کرتی ہیں اور اچھی حالت میں رہتی ہیں، جبکہ کمرشل گاڑیاں، جیسے ٹیکسیاں، زیادہ چلنے کے باوجود بھی درست حالت میں ہوسکتی ہیں۔

ایسے میں صرف عمر کی بنیاد پر پابندی دینا غیر منصفانہ ہے۔ مزید یہ کہ BS IV اور BS VI معیار کی اچھی حالت والی گاڑیاں جن کے پاس درست آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ ہو، وہ بہت کم آلودگی پھیلاتی ہیں۔ دہلی حکومت نے کہا کہ دہلی کی ہوا خراب ہونے کے کئی اسباب ہیں — پرالی جلانا، صنعتی آلودگی، تعمیراتی کاموں سے پیدا ہونے والی دھول، موسمی حالات وغیرہ۔ صرف گاڑیوں پر پابندی لگانا کافی نہیں۔

حکومت نے سپریم کورٹ سے گزارش کی ہے کہ مرکز یا کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (CAQM) سے سائنسی تحقیق کرائی جائے تاکہ عمر پر مبنی پابندی کے حقیقی ماحولیاتی فائدے کا پتا چل سکے۔ وزیر ماحولیات مجیندر سنگھ سرسا نے کہا، "ہمیں ڈیٹا پر مبنی پالیسی کی ضرورت ہے، نہ کہ مکمل پابندی کی۔

آلودگی سے لڑنا ضروری ہے، لیکن وہ بھی درست اور سائنسی طریقے سے ہونا چاہیے۔ یہ پابندی پہلی بار 2015 میں نیشنل گرین ٹریبونل کے حکم کے تحت لگائی گئی تھی، جس میں ڈیزل گاڑیوں کے لیے 10 سال اور پٹرول گاڑیوں کے لیے 15 سال کی حد مقرر کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس حکم کی 2018 میں توثیق کی تھی۔ حال ہی میں CAQM نے جولائی 2025 سے ان گاڑیوں کو ایندھن کی سپلائی بند کرنے کی تجویز پیش کی تھی، لیکن عوامی مخالفت اور انتظامی مشکلات کی وجہ سے اسے نومبر تک مؤخر کردیا گیا۔