دہلی :آلودگی کی سطح ایک بار پھر خطرناک حد تک پہنچ گئی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2025
دہلی :آلودگی کی سطح ایک بار پھر خطرناک حد تک پہنچ گئی
دہلی :آلودگی کی سطح ایک بار پھر خطرناک حد تک پہنچ گئی

 



نئی دہلی: دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح ایک بار پھر خطرناک حد کو چھو رہی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، اتوار کی صبح شہر کے کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 'سنگین' اور 'انتہائی خراب' زمروں میں درج کیا گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، آنند وہار میں AQI 430 تک پہنچ گیا، جو ’سنگین‘ زمرے میں آتا ہے۔

اکشردھام میں AQI 426 رہا۔ اشوک وہار (306) اور بوانا (309) میں ہوا کا معیار ’انتہائی خراب‘ درج کیا گیا۔ جہانگیرپوری میں AQI 318 اور دوارکا سیکٹر 8 میں 341 ریکارڈ کیا گیا۔ چاندنی چوک میں AQI 291، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 288، بارا پُلا فلائی اوور کے قریب 290، اور آئی ٹی او کے قریب 284 ریکارڈ کیا گیا، جو سبھی ’خراب‘ زمرے میں آتے ہیں۔

آلودگی کی بڑھتی سطح کے پیش نظر انتظامیہ نے کچھ اقدامات کیے ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی کے چھڑکاؤ کے آلات (مِسٹ اسپرِنکلر) نصب کیے گئے ہیں تاکہ گرد و غبار کو کم کیا جا سکے۔ انڈیا گیٹ کے آس پاس بھی ان آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود انڈیا گیٹ کے علاقے میں AQI 269 درج کیا گیا، جو اب بھی ’خراب‘ کیٹیگری میں آتا ہے۔

اتوار کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو کہ موسم کے معمول سے 2.2 ڈگری زیادہ ہے۔ یہ معلومات بھارت محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے فراہم کی ہے۔ صبح 8:30 بجے نسبتی نمی (Humidity) 71 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دن بھر آسمان صاف رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) صبح 9 بجے 284 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ 'خراب' زمرے میں آتا ہے۔ دہلی کے 38 مانیٹرنگ مراکز میں سے 12 مراکز پر ہوا کا معیار ’انتہائی خراب‘ درج کیا گیا۔