نئی دہلی: امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دہلی پولیس نے اپنے تمام اہلکاروں کی معمول کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حکم جمعرات کو پولیس ہیڈکوارٹر سے جاری کیا گیا، جسے تمام ضلعی ڈی سی پیز، فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO)، اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے اور دیگر سینئر افسران کو بھیج دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق آئندہ احکامات تک کسی بھی اہلکار کو معمول کی چھٹی، بشمول اتفاقی (Casual Leave) یا استحقاقی (Earned Leave)، نہیں دی جائے گی۔ صرف حقیقی ہنگامی حالات میں، متعلقہ مجاز اتھارٹی کی تصدیق اور منظوری کے بعد ہی چھٹی دی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ پولیس کمشنر کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی پولیس اہلکار کو تربیتی کورس یا پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تمام افسران اس ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی قیادت میں نیٹ (NEET) پرچہ لیک، امتحانی نظام میں اصلاحات اور مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر احتجاج جاری ہے۔ 20 جولائی کو مون سون اجلاس کے پہلے دن سی جے پی کی قیادت میں ہزاروں مظاہرین نے جنتر منتر سے "سنسد چلو" مارچ کیا تھا۔ پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا تھا، جس کے بعد دارالحکومت میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔