دہلی: نائیجیرین شہری سمیت نو منشیات مخالف مہم میں گرفتار

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-12-2025
دہلی: نائیجیرین شہری سمیت نو منشیات مخالف مہم میں گرفتار
دہلی: نائیجیرین شہری سمیت نو منشیات مخالف مہم میں گرفتار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک نائجیرین شہری سمیت نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس کارروائی میں 33 کلوگرام سے زائد گانجا، مصنوعی منشیات، غیر قانونی شراب، اسلحہ اور 3.6 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم ضبط کی گئی ہے۔ حکام نے ہفتہ کے روز یہ جانکاری دی۔
حکام کے مطابق ’آپریشن کلین سوئیپ-2‘ جمعہ اور ہفتہ کو دہلی پولیس کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت انجام دیا گیا۔ پولیس کے مطابق خصوصی ٹیموں نے دوارکا کے مختلف علاقوں میں تقریباً 50 مقامات پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں منشیات کی فروخت اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث نو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ تلاشی کی کارروائی اب بھی جاری ہے۔
گرفتار کیے گئے افراد میں سنجے (27)، گووند کمار (29)، رمیش (70)، وکاس عرف گولو (39)، بنداپور کی رہائشی 36 سالہ خاتون، وشال سنگھ (38)، گجندر عرف ٹنّو، ونود عرف گڈو (26) اور سامسن عرف چیزے (28) شامل ہیں، جو نائجیریا کے لاگوس اسٹیٹ کا رہائشی ہے۔
اس کارروائی کے دوران پولیس نے مختلف تھانوں—چھاولہ، اُتم نگر، دابری، موہن گارڈن اور دوارکا ساؤتھ—میں این ڈی پی ایس ایکٹ، آرمز ایکٹ اور دہلی ایکسائز ایکٹ کی دفعات کے تحت آٹھ ایف آئی آرز درج کیں۔
کارروائی کے دوران ضبط شدہ اشیاء میں 33.244 کلو گانجا، 62 گرام ایمفیٹامین، اویل کے 13 انجیکشن، بُوپرینورفین کی 32 گولیاں، غیر قانونی شراب کی 105 کوارٹر بوتلیں، ایک چاقو اور 3,64,040 روپے نقد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گینگ کے دیگر اراکین کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جا سکے اور منشیات کی سپلائی چین کے پچھلے اور اگلے روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔