نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان کے زیادہ تر حصوں میں مانسون دستک دے چکا ہے اور اب اس کی آمد دہلی اور ہریانہ میں ہونے والی ہے۔ پری مانسون بارش سے اگرچہ کچھ راحت ضرور ملی ہے، لیکن کئی ریاستیں شدید بارش سے پریشان ہو گئی ہیں، جس سے گرمی سے عوام کو بڑی راحت ملی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں پچھلے کچھ دنوں سے موسم کا مزاج بدلا ہوا ہے اور اندازہ ہے کہ 23 جون تک مسلسل موسلا دھار بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے بارش کے سلسلے میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
مانسون اگلے دو سے تین دنوں میں دہلی اور ہریانہ میں داخل ہو جائے گا۔ اس دوران بارش کے ساتھ آندھی طوفان کا بھی امکان ہے۔ ان دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔ حالانکہ، مانسون کی باقاعدہ انٹری 22 یا 23 جون تک متوقع ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں عوام کو شدید گرمی سے کچھ راحت تو ملی ہے، مگر نمی والی حبس اب بھی برقرار ہے۔
چار دن بعد گرمی سے مکمل نجات؟
دہلی-این سی آر کے مختلف علاقوں میں 24 جون کو بھی موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ ان دنوں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، لیکن اس کے لیے کسی قسم کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ان دنوں ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے، جبکہ آندھی کے دوران رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
آج دہلی میں موسم کا حال
جمعہ کو دہلی میں آسمان زیادہ تر ابر آلود رہے گا، جس کے ساتھ بہت ہلکی بارش اور گرج چمک ہو سکتی ہے۔ شام اور رات کے وقت ہوائیں 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 28 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کا امکان ہے۔
جمعرات کو جھلسا دینے والی گرمی
جمعرات کے روز دہلی کے کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا۔ دن کے وقت سورج کی تیز دھوپ اور آسمان صاف ہونے کے باعث گرمی ناقابل برداشت رہی۔ اس دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے 2.4 ڈگری کم تھا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.2 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 0.3 ڈگری کم تھا۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں ہوا میں نمی کی کم سے کم سطح 54 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دہلی میں کہاں درج ہوا سب سے زیادہ درجہ حرارت؟
دہلی کے لودھی روڈ علاقے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو 35.8 ڈگری سیلسیس رہا۔ رِج میں 34.8، آیا نگر میں 35.5 اور پالم میں 34.5 ڈگری سیلسیس زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت درج ہوا۔ کم سے کم درجہ حرارت کے معاملے میں سب سے کم درجہ حرارت رِج میں ریکارڈ ہوا، جو 24.0 ڈگری سیلسیس رہا۔ آیا نگر میں 27.0، پالم میں 26.2 اور لودھی روڈ میں 25.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
دو سے تین دن میں دہلی میں مانسون
جنوب مغربی مانسون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور پچھلے دو دنوں میں یہ وسطی، مغربی اور مشرقی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں پہنچ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون اگلے دو سے تین دنوں میں دہلی، ہریانہ اور پنجاب کے کچھ حصوں تک پہنچنے والا ہے۔ 20 سے 25 جون کے درمیان ہریانہ، پنجاب، دہلی، ہماچل پردیش، اترپردیش، مشرقی راجستھان، جموں و کشمیر اور لداخ سمیت پورے شمالی ہندوستان میں بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں، راجستھان اور سری نگر میں گرمی سے لوگ اب بھی پریشان ہیں۔ جھارکھنڈ میں شدید بارش کے سبب چار افراد کی موت ہو گئی ہے اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
پانی بھراؤ سے نمٹنے کی تیاری
دہلی میں 71 مقامات ایسے ہیں جہاں بڑے پیمانے پر پانی بھر جاتا ہے۔ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس کے مشترکہ سروے میں ان جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چونکہ دہلی میں اگلے ہفتے مانسون کی دستک متوقع ہے، اس لیے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پی ڈنلیو ڈی کے ڈپٹی سیکریٹری ایم کے نکھل نے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی ہے۔