نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعرات کے روز دہلی میں دسمبر ماہ کی اب تک کی سب سے سرد صبح ریکارڈ کی گئی، جہاں کم از کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری رہا۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کے لیے دہلی میں سردی کی لہر کے سلسلے میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ جمعہ کو کم از کم درجہ حرارت مزید گر کر 4 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت سرد ہواؤں سے بچاؤ کا انتظام کریں اور گرم کپڑے پہنیں۔
جمعرات کو دہلی میں دسمبر کی سب سے ٹھنڈی صبح ریکارڈ کی گئی۔ کم از کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ اس سے پہلے یکم دسمبر کو 5.7 ڈگری درج کیا گیا تھا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، جمعرات کی صبح کم از کم درجہ حرارت میں 3.9 ڈگری کی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی عمومی سطح سے 2.2 ڈگری کم یعنی 23.1 ڈگری رہا۔
دہلی میں درجہ حرارت 4 ڈگری تک گر سکتا ہے
آئی ایم ڈی کے مطابق جمعہ کو کم از کم درجہ حرارت میں مزید 1-2 ڈگری کی گراوٹ ہو سکتی ہے، جس کے بعد یہ 4 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 تا 23 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت سرد سطحی ہواؤں کی رفتار 5 تا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی، جو دوپہر تک بڑھ کر 10 تا 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔ اس تبدیلی کے پیچھے شمالی پنجاب میں فعال مغربی ڈسٹربنس کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے، جس کا اثر دہلی میں بھی دکھائی دے گا۔ جمعرات کی صبح راجدھانی میں ہلکا کہرہ چھایا رہا، تاہم دوپہر تک ہواؤں کی رفتار بڑھنے سے آسمان صاف ہوگیا اور دھوپ نکل آئی۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ کو آسمان صاف رہے گا۔ صبح کے وقت ہلکی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔ کہیں کہیں سردی کی لہر بھی چلنے کا امکان ہے۔ محکمے کے مطابق زیادہ سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت میں کمی کے آثار ہیں۔ تاہم سرد لہر کی وارننگ صرف جمعہ کے لیے ہے۔ ہفتہ سے بدھ تک سرد لہر کے لیے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
دہلی-این سی آر کا اے کیو آئی انتہائی خراب
جمعہ کی صبح دہلی میں ہلکی دھند اور کہرے کے ساتھ دن کا آغاز ہوا۔ آسمان میں دھند کی ہلکی پرت کے باعث حدِ نگاہ کم رہی۔ دہلی پولیوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق جمعرات کی صبح دہلی کا اے کیو آئی 304 درج کیا گیا، جو ’’انتہائی خراب‘‘ زمرے میں آتا ہے اور صحت کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ بدھ کے مقابلے ایکیوآئی میں 38 پوائنٹس کی کمی آئی، مگر یہ کمی خاطر خواہ نہیں مانی جا رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دھند کی وجہ سے نہ صرف حدِ نگاہ متاثر ہوتی ہے بلکہ سانس سے متعلق مسائل کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس وقت باہر جانے والوں کو ماسک پہننے اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رکنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح کچھ بہتری دیکھنے کو ملی اور اے کیو آئی 299 رہا، مگر دوپہر تک صورتحال دوبارہ بگڑ گئی۔ ابتدائی وارننگ سسٹم کے مطابق اگلے چند دنوں تک دہلی کی ہوا انتہائی خراب زمرے میں رہنے کی امید ہے۔