دہلی:پٹاخوں سے جھلسنے کے 250سے زیادہ واقعات ہوئے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2025
دہلی:پٹاخوں سے جھلسنے کے 250سے زیادہ واقعات ہوئے
دہلی:پٹاخوں سے جھلسنے کے 250سے زیادہ واقعات ہوئے

 



نئی دہلی: دیوالی کے موقع پر دہلی کے مختلف اسپتالوں میں جھلسنے کے 250 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں اکثریت پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے حادثات کی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ مریض مرکزی حکومت کے تحت چلنے والے صفدرجنگ اسپتال میں لائے گئے، جہاں دو روز میں جھلسنے کے 129 مریض داخل کیے گئے۔

صفدرجنگ اسپتال کے برن، پلاسٹک اور میکسلوفیشل سرجری شعبے کی سربراہ ڈاکٹر سجاتا سارابھائی کے مطابق، ان 129 مریضوں میں سے 111 معمولی طور پر جھلسے تھے جن کا علاج او پی ڈی میں کیا گیا، جبکہ 18 افراد کو شدید جھلسنے کی حالت میں داخل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر یعنی 118 مریض پٹاخوں سے جھلسے، جبکہ 11 افراد دیے سے جھلسے۔

ان میں 12 سال سے کم عمر کے 24 بچے بھی شامل تھے۔ ایمس (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) میں جھلسنے کے 55 مریض لائے گئے، جن میں سے 10 کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ (ICU) میں داخل کرنا پڑا۔ ایمس کے برن، پلاسٹک اور ری کنسٹرکٹیو سرجری شعبے کے سربراہ ڈاکٹر منیش سنگھل نے بتایا کہ 55 مریضوں میں سے 42 پٹاخوں، 3 دیوں اور 9 کیمیکل (پوٹاش) سے جھلسے۔ ان میں 8 بچے شامل تھے، جن میں ایک صرف چار ماہ کا شیرخوار بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر سنگھل کے مطابق، 23 مریضوں کی سرجری کرنا پڑی۔ جی ٹی بی (گرو تیغ بہادر) اسپتال میں جھلسنے کے 37 مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 7 اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ تاہم کسی کی حالت تشویشناک نہیں بتائی گئی۔ دوسری جانب، ایل این جے پی (لوک نایک جے پرکاش) اسپتال میں جھلسنے کے 15 کیسز سامنے آئے، جن میں سے صرف ایک مریض کے چہرے پر گہری چوٹ آئی جبکہ دیگر معمولی طور پر زخمی ہوئے۔

دین دیال اپادھیائے (ڈی ڈی یو) اسپتال میں دیوالی سے ایک روز قبل تین اور دیوالی کے دن 13 مریض لائے گئے، جن کی مجموعی تعداد 16 رہی۔ اسپتال حکام کے مطابق، تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور کسی کو شدید خطرہ لاحق نہیں۔ حکام کے مطابق، جھلسنے کے زیادہ تر معاملات میں احتیاطی تدابیر کی کمی، خاص طور پر بچوں کی نگرانی نہ ہونا، اور پٹاخے جلاتے وقت حفاظتی اقدامات نہ اپنانا اہم وجوہات تھیں۔