دہلی: 48 بچوں سمیت 130 لاپتہ افراد اپنے گھر والوں سے ملائے گئے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2025
دہلی: 48 بچوں سمیت 130 لاپتہ افراد اپنے گھر والوں سے ملائے گئے
دہلی: 48 بچوں سمیت 130 لاپتہ افراد اپنے گھر والوں سے ملائے گئے

 



نئی دہلی: دہلی پولیس نے اپنے خصوصی مہم ’آپریشن ملن‘ کے تحت اگست میں 48 بچوں سمیت 130 لاپتہ افراد کو ڈھونڈ نکالا اور ان کے اہل خانہ سے ملا دیا۔ ایک افسر نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد لاپتہ اور اغوا شدہ بچوں اور بالغ افراد کا سراغ لگانا تھا، جس کے لیے وسیع سطح پر زمینی کارروائی، سی سی ٹی وی تجزیہ اور خفیہ معلومات اکٹھی کی گئیں۔

پولیس افسر کے مطابق بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، آٹو اور ای-رکشہ اسٹینڈ پر پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ مقامی مخبروں، ٹرانسپورٹ ملازمین اور دکانداروں کو بھی سراغ رسانی کے عمل میں شامل کیا گیا۔ افسر نے بتایا کہ یکم سے 31 اگست کے درمیان، پولیس نے 48 لاپتہ یا اغوا شدہ بچوں اور 82 بالغوں کو کامیابی سے برآمد کیا۔

تصدیق کے بعد سب کو ان کے خاندانوں سے ملا دیا گیا۔ افسروں کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سال جنوری سے اب تک پولیس نے 931 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا اور انہیں ان کے خاندانوں سے ملا دیا، جن میں 306 بچے اور 625 بالغ شامل ہیں۔ اگست میں کپسہیڑا تھانے نے سب سے زیادہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا۔ اس نے 14 لاپتہ بچوں — چار لڑکے اور 10 لڑکیاں — اور 13 بالغوں کا سراغ لگایا۔

پولیس کے ڈپٹی کمشنر (جنوب مغربی) امیت گوئل نے بتایا کہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ نے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے 14 بچوں کو ڈھونڈ نکالا، جن میں زیادہ تر لڑکیاں تھیں۔ دیگر تھانوں میں ساگرپور تھانے نے تین بچوں اور 15 بالغوں کا سراغ لگایا، جبکہ پالم گاؤں تھانے نے دو لاپتہ لڑکیوں اور 13 بالغوں کو تلاش کیا۔