نئی دہلی: دہلی کے وزیر کپل مشرا نے بدھ کو اعلان کیا کہ آئندہ دو برسوں میں قومی دارالحکومت میں تقریباً 10 لاکھ آوارہ کتوں کو مائیکروچپ لگائی جائے گی۔ دہلی سیکریٹریٹ میں جانوروں کی فلاح و بہبود بورڈ کی ایک میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ ترقیات کے وزیر نے بتایا کہ آئندہ دو برسوں میں اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے دہلی میں تقریباً 10 لاکھ آوارہ کتوں کو مائیکروچپ لگائی جائے گی۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کا مقصد جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل پر غور کرنا اور دہلی کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل تیار کرنا تھا۔ میٹنگ میں قومی ریبیز کنٹرول پروگرام پر بھی بات چیت ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ عالمی یوم ریبیز کے قریب آنے کے پیشِ نظر یہ فیصلہ لیا گیا کہ دہلی میں ریبیز پر قابو پانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے جائیں گے۔
ان میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں کمی لانا اور ویکسی نیشن کے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنا شامل ہے۔ مشرا نے ہدایت دی کہ درست اعداد و شمار اور مستقبل کی جامع منصوبہ بندی کو یقینی بنانے کے لیے کتوں کی گنتی اور نگرانی کا نظام جلد از جلد نافذ کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دہلی میں پالتو جانوروں کی دکانوں کی رجسٹریشن لازمی کی جائے گی، جس کے لیے ایک خصوصی نگرانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ مشرا نے کہا کہ تمام متعلقہ قوانین جلد لاگو کیے جائیں گے اور مقامی سطح پر نگرانی اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہر علاقائی کمیٹی کو فعال کیا جائے گا۔