نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی ریکھا گپتا حکومت نے جمنا ندی کو تیزی سے صاف و شفاف بنانے، گندے نالوں کی صفائی کے لیے پلانٹ لگانے اور پینے کے پانی کی بہتر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک تاریخی فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے دہلی جل بورڈ کے مالی اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔ اب بورڈ خود کروڑوں روپے کی لاگت والے منصوبے مکمل کرے گا، جن میں جمنا کی صفائی، نالوں کے پانی کا ٹریٹمنٹ اور پینے کے پانی کی مستقل فراہمی جیسے اہم کام شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق اب ایسے منصوبے کابینہ میں لانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس نئے فیصلے کے تحت بورڈ کے چیئرمین، سی ای او اور دیگر سینئر افسران کے مالی اختیارات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ بورڈ کے اختیارات بڑھانے کا مقصد حکمرانی کے نظام کو زیادہ مؤثر، کارگر اور جوابدہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرے ’’کم سے کم حکومت، زیادہ سے زیادہ حکمرانی‘‘ پر عمل کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ بورڈ کا مطلب ہی یہ ہے کہ وہ خود مختار اور بااختیار ہو، تب ہی اس کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے دہلی جل بورڈ کے تمام مالی اختیارات ختم کر دیے تھے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جمنا ندی کی صفائی، نالوں کی جدید صفائی اور پینے کے پانی کے منصوبے ٹھپ ہو گئے۔ اس کے نتیجے میں نہ تو جمنا ندی صاف ہو پائی اور نہ ہی دہلی کے لوگوں کو مناسب پانی کی فراہمی ممکن ہو سکی۔
ریکھا گپتا نے بتایا کہ اب ان کی حکومت نے دہلی جل بورڈ کو حقیقی معنوں میں بورڈ بنا دیا ہے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اس کے مالی اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت دہلی جل بورڈ کو اب 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم خرچ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ وہ زیادہ بجٹ والے منصوبے خود منظور کر سکے گا۔ اس فیصلے کے تحت جل بورڈ کے چیئرمین کو 50 کروڑ روپے تک کے مالی اختیارات دیے گئے ہیں۔ سی ای او کو 25 کروڑ روپے تک، جبکہ ممبر (ایڈمن)، ممبر (واٹر سپلائی) اور ممبر (ڈرینج) کو 5 کروڑ روپے تک کے مالی اختیارات ملے ہیں۔ دیگر سینئر افسران کے اختیارات بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ اس کا مثبت اثر یہ ہوگا کہ جل بورڈ کے ہر سطح پر فیصلہ لینے کی صلاحیت بڑھے گی اور کاموں میں تاخیر کا امکان کم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کا تاریخی فیصلہ ہے۔ اس کا مقصد جمنا ندی کی جلد اور مؤثر صفائی، جدید سسٹم سے نالوں کا گندہ پانی صاف کرنا تاکہ جمنا کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے، اور دہلی میں پینے کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جمنا کی صفائی کے منصوبے صرف کاغذوں تک محدود تھے کیونکہ ان کی منظوری اور بجٹ کے لیے عمل بہت لمبا اور پیچیدہ تھا، لیکن اب یہ رکاوٹ ختم کر دی گئی ہے۔
ریکھا گپتا نے مزید کہا کہ جہاں جہاں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈیسلٹنگ پلانٹ کی ضرورت ہے، وہاں انہیں جلدی لگایا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت دہلی جل بورڈ تیزی سے نئی پانی کی لائنیں بچھا سکے گا، بوسٹنگ اسٹیشن بنا سکے گا اور پانی کی سپلائی سے متعلق دیگر ڈھانچے کھڑے کر سکے گا، جس سے پانی کا نظام تیزی سے بہتر ہوگا اور عوام کو جلد فائدہ ملے گا۔
ریکھا گپتا نے کہا کہ جل بورڈ کے پورے عمل کو شفاف اور جوابدہ بنایا گیا ہے، جس سے بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور ذمہ داریاں طے رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اختیارات بڑھانے کا مقصد حکمرانی کو مؤثر، مضبوط اور جوابدہ بنانا ہے۔ یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ اگر سیاسی قوتِ ارادی مضبوط ہو تو عوامی مفاد میں بڑے، وسیع اور مؤثر فیصلے آسانی سے لیے جا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسائل کا حل اب تیزی سے ہوگا اور منصوبے زمین پر اتریں گے، نہ کہ صرف اعلانات میں رہیں گے۔