نئی دہلی / آواز دی وائس
پولیس سروس کے سینئر افسر ستیش گولچہ کو نیا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایس بی کے سنگھ کو پولیس کمشنر بنایا گیا تھا، لیکن وہ محض 20 دن تک ہی اس عہدے پر رہ سکے۔ انہیں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر ہوئے حملے کے 30 گھنٹے کے اندر ہٹا دیا گیا تھا۔
آئی پی ایس ستیش گولچہ، جو اس وقت دہلی میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات ہیں،ان کو چارج سنبھالنے کی تاریخ سے اگلے حکم تک دہلی کے پولیس کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ وہ 1992 بیچ کے ہندوستانی پولیس سروس کے افسر ہیں۔
اس سے قبل 31 جولائی کو مرکزی وزارتِ داخلہ نے ہندوستانی پولیس سروس کے سینئر افسر ایس بی کے سنگھ کو دہلی پولیس کا نیا کمشنر بنایا تھا۔ ایس بی کے سنگھ 1988 بیچ کے افسر ہیں اور انہیں 1 اگست سے دہلی پولیس کمشنر کا اضافی چارج سونپا گیا تھا۔
ایس بی کے سنگھ کو سنجے اروڑا کی جگہ دہلی پولیس کا نیا کمشنر بنایا گیا تھا جو 31 جولائی کو ریٹائر ہو گئے تھے۔ ایس بی کے سنگھ پولیس کمشنر کا اضافی چارج سنبھالنے کے دوران دہلی میں ہوم گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔
اس سے قبل تمل ناڈو کیڈر کے 1988 بیچ کے آئی پی ایس افسر سنجے اروڑا کو 1 اگست 2022 کو راکش استھانہ کی جگہ دہلی پولیس کا کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔