دہلی: بین الریاستی اسلحہ اسمگلنگ گینگ بے نقاب، آٹھ گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
دہلی: بین الریاستی اسلحہ اسمگلنگ گینگ بے نقاب، آٹھ گرفتار
دہلی: بین الریاستی اسلحہ اسمگلنگ گینگ بے نقاب، آٹھ گرفتار

 



نئی دہلی: دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے بین الریاستی اسلحہ اسمگلنگ کے ایک بڑے گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے آٹھ مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 18 پستول، کارتوس اور دیگر اسلحہ برآمد کیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے منگل کو بتایا کہ گرفتار ملزمان مدھیہ پردیش اور اتر پردیش سے نیم خودکار پستول اور دیسی ساختہ اسلحہ خرید کر دہلی-این سی آر اور آس پاس کے علاقوں کے جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرتے تھے۔

اسپیشل سیل کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) این. چیتنیہ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ہریش چندر (24)، پریت پال سنگھ (24)، شیش پال سنگھ عرف یش چودھری (26)، کلدیپ ساگر (20)، اگیش کمار (25)، نور محمد عرف تسلیم (36)، محمد شان (19) اور وکرم سنگھ (36) کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ گینگ کے ارکان اسمگلروں اور خریداروں کے درمیان رابطے کے لیے سوشل میڈیا ایپس، ورچوئل نمبرز اور آن لائن جعلی شناخت کا استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دہلی-این سی آر میں غیر قانونی اسلحہ اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاع پر کئی ہفتوں تک نگرانی کی گئی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 12 نیم خودکار پستول، پانچ دیسی تمچے، ایک ریوالور، 10 اضافی میگزین، 9 ایم ایم کے پانچ ممنوعہ کارتوس، ایک دوسرے بور کا کارتوس اور ایک درانتی برآمد کی۔

ڈی سی پی کے مطابق تحقیقات کا آغاز 5 جولائی کو ہوا، جب ہریش چندر کو مدھیہ پردیش سے اسمگل کر کے لائی گئی آٹھ نیم خودکار پستول اور آٹھ میگزین کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ہریش نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ گینگ کے مبینہ سرغنہ شیش پال سنگھ کی ہدایت پر غیر قانونی اسلحہ منتقل کر رہا تھا۔

اس کی نشاندہی پر پولیس نے پریت پال سنگھ کو گرفتار کیا، جبکہ بعد میں ہریانہ کے بلبھ گڑھ سے شیش پال سنگھ کو بھی دھر لیا گیا۔ اس کے کرائے کے مکان سے مزید ایک غیر قانونی پستول برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیش پال گزشتہ تقریباً تین برس سے غیر قانونی اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث تھا اور اس نے کئی ریاستوں میں سپلائرز، اسمگلروں اور اسلحہ پہنچانے والوں کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ بیان کے مطابق 15 جولائی کو وکرم سنگھ کو گرفتار کیا گیا، جس کے گھر سے 9 ایم ایم کے پانچ کارتوس برآمد ہوئے۔ بعد میں دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھی اسلحہ برآمد ہوا۔