شرجیل امام کی ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ نے پولیس سے جواب طلب کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
شرجیل امام کی ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ نے پولیس سے جواب طلب کیا
شرجیل امام کی ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ نے پولیس سے جواب طلب کیا

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو طالب علم کارکن شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست پر دہلی پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ یہ درخواست فروری 2020 کے دہلی فسادات کی مبینہ "بڑی سازش" سے متعلق غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) قانون (یو اے پی اے) کے تحت درج مقدمے میں دائر کی گئی ہے۔

جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس وکاس مہاجن پر مشتمل بنچ نے شرجیل امام کی اس اپیل پر نوٹس جاری کیا، جس میں انہوں نے 4 جولائی کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے دوسری باقاعدہ ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کو چیلنج کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے دہلی پولیس کو دو ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملے کی اگلی سماعت 27 اگست مقرر کی ہے۔

شرجیل امام کو 25 اگست 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے مبینہ "اہم منصوبہ سازوں" میں شامل تھے۔ ان فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یہ تشدد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) 2019 اور قومی رجسٹر برائے شہری (این آر سی) کے خلاف جاری احتجاج کے دوران بھڑکا تھا۔

ٹرائل کورٹ نے شرجیل امام کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے فیصلے کی پابند ہے، اس لیے نہ تو اس درخواست پر غور کر سکتی ہے اور نہ ہی انہیں کوئی راحت دے سکتی ہے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا تھا کہ ضمانت کی درخواست اس کے سامنے قابلِ سماعت ہی نہیں ہے۔

ہائی کورٹ میں دائر اپیل میں شرجیل امام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ان کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست کا آزادانہ جائزہ لینے سے انکار کر کے غلطی کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چھ برس گزرنے کے باوجود مقدمہ ابھی تک فردِ جرم پر دلائل کے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو سپریم کورٹ نے اسی مقدمے میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد کر دی تھی، جبکہ شریک ملزمان گلفشا فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمن، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو ضمانت دے دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عمر خالد اور شرجیل امام کے خلاف یو اے پی اے کے تحت بادی النظر میں مقدمہ بنتا ہے، اور تمام ملزمان کو ان کے مبینہ کردار اور شرکت کی نوعیت کے لحاظ سے یکساں نہیں سمجھا جا سکتا۔