دہلی ہائی کورٹ نے گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کو پھٹکار لگائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
دہلی ہائی کورٹ نے گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کو پھٹکار لگائی
دہلی ہائی کورٹ نے گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کو پھٹکار لگائی

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے نام گنوا کر متاثر کرنے کی کوشش پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پیر (25 اگست) کو گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن اور اس کے اراکین کے خلاف فوجداری کارروائی پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ اس فاؤنڈیشن کے اراکین میں ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان گوتَم گمبھیر کے علاوہ ان کی اہلیہ نتاشا گمبھیر اور والدہ سیما گمبھیر شامل ہیں۔ معاملہ کورونا وبا کے دوران 2021 میں بغیر لائسنس کے ادویات کی تقسیم سے جڑا ہے۔
ستمبر 2021 میں ہائی کورٹ نے دہلی کے ادویات کنٹرول محکمہ کی طرف سے گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کے خلاف روہنی کورٹ میں دائر کی گئی ایک فوجداری شکایت کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 کے تحت دائر اس شکایت میں الزام تھا کہ دہلی میں وبا کی دوسری لہر کے دوران فاؤنڈیشن نے ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا تھا، جس میں کووِڈ ادویات کا غیر مجاز ذخیرہ اور تقسیم کی گئی۔
آکسیجن اور ادویات ذخیرہ یا تقسیم کرنے کا لائسنس نہیں تھا
شکایت میں جی جی ایف کے ٹرسٹی اور اُس وقت کے بی جے پی کے رکن پارلیمان گوتَم گمبھیر، ان کی اہلیہ نتاشا گمبھیر، ان کی والدہ سیما گمبھیر اور سی ای او اپراجِتا سنگھ کو بھی ملزم بنایا گیا تھا۔ ادویات کنٹرول محکمہ نے الزام لگایا کہ جی جی ایف کے پاس میڈیکل آکسیجن سمیت ادویات کے ذخیرہ یا تقسیم کا لائسنس نہیں تھا، جو ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 اور اس کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ہائی کورٹ میں اگلی سماعت تک تحفظ کی مانگ
ملزمان کے وکیل نے اس سال بھی کارروائی پر روک لگانے کی درخواست کی تھی۔ 9 اپریل کو جسٹس نِینا بَنسل کرشنا نے عبوری روک ہٹا دی تھی اور معاملے کو 26 نومبر کے لیے لسٹ کیا تھا۔ پیر کو فاؤنڈیشن اور اس کے ٹرسٹیوں کے وکیل جے اننت دہادَرائے نے روک کو بحال کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں اگلی تاریخ 8 ستمبر مقرر ہے، لہٰذا نومبر میں ہائی کورٹ کی سماعت تک ملزمان کو تحفظ دیا جائے۔
گوتَم گمبھیر کی طرف سے کیا کہا گیا؟
گمبھیر کا ذکر کرتے ہوئے دہادَرائے نے کہا كہ براہِ کرم دیکھیں کہ میں کون ہوں، میں ہندوستانی ٹیم کا سابق کپتان ہوں، سابق ممبر پارلیمان ہوں… مبینہ جرم یہ ہے کہ میں نے اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعے کووِڈ-19 کے دوران فلاحی مقصد سے ادویات تقسیم کیں۔ اگر کارروائی نہ روکی گئی تو میری اہلیہ اور ضعیف والدہ کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔ انہیں فلاحی کام کے لیے سمن کیا جائے گا۔ اُس وقت دہلی کی صحت کا نظام بُری طرح متاثر تھا، میں ادویات اور آکسیجن مہیا کرا رہا تھا۔ کم از کم اس پہلو پر توجہ دی جانی چاہیے۔
اس پر جسٹس کرشنا نے زبانی ریمارکس دیتے ہوئے کہا كہ اور آپ بری ہو جائیں؟ ہمیں غیر متعلقہ باتوں سے متاثر کرنے کی کوشش مت کیجیے۔ آپ نام گنوا کر یہ ظاہر کر رہے ہیں جیسے اس سے عدالت متاثر ہو جائے گی۔ یہ طریقہ کارگر نہیں ہے۔ یہ بتانے کے بجائے کہ (ادویات بانٹنے کا) کوئی لائسنس نہیں تھا آپ غیر ضروری باتیں کر رہے ہیں۔
معاملے پر 29 اگست کو سماعت
جسٹس کرشنا نے یہ بھی کہا کہ آپ آرڈر پاس ہونے کے چار ماہ بعد بھی روک کی بحالی کی مانگ کر رہے ہیں۔ عدالت نے روک بحال کرنے سے انکار کرتے ہوئے معاملے کی اگلی سماعت 29 اگست مقرر کی ہے۔ جی جی ایف، گمبھیر اور دیگر ملزمان نے مجسٹریٹ کورٹ میں سی آر پی سی کی دفعہ 200 کے تحت درج شکایت کو خارج کرنے کی درخواست دی ہے۔
کیا ہے معاملہ؟
مئی 2021 میں بی جے پی نے دہلی پولیس کو ایک بیان دیا تھا کہ 22 اپریل سے 7 مئی تک جی جی ایف نے جاگریتی اینکلیو میں کووِڈ متاثرین کی مدد کے لیے ایک مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا تھا۔ دہلی پولیس نے اس معاملے کی دو الگ تحقیقات شروع کی تھیں، جن میں سے ایک میں کلین چٹ دے دی گئی تھی۔ تاہم اُس وقت دہلی حکومت نے اپنے ادویات انسپکٹر کے ذریعے مجسٹریٹ کورٹ میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں فابی فلو اور آکسیجن جیسی کووِڈ ادویات کی غیر قانونی تقسیم کا الزام تھا۔