دہلی ہائی کورٹ نے ہاسٹل سے متعلق فوری سماعت سے انکار کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2026
دہلی ہائی کورٹ نے ہاسٹل سے متعلق فوری سماعت سے انکار کیا
دہلی ہائی کورٹ نے ہاسٹل سے متعلق فوری سماعت سے انکار کیا

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو دہلی یونیورسٹی کے زیر انتظام تمام کالجوں میں طلبہ کے لیے ہاسٹل کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی (PIL) پر فوری سماعت سے انکار کر دیا۔ عدالت نے پوچھا کہ کیا اس سلسلے میں عبوری طور پر کوئی ہدایت جاری کی جا سکتی ہے۔

چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تیجس کاریہ پر مشتمل بنچ نے وکیل سے پوچھا کہ غیر ضروری طور پر وقت کیوں ضائع کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے کہا کہ عرضی کو بدھ کے روز ’آٹو لسٹنگ‘ کے لیے داخل کیا جائے۔ اس معاملے کو آج ہی سماعت کے لیے فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ وکیل نے بتایا کہ یہ مفاد عامہ کی عرضی دہلی یونیورسٹی کے ساؤتھ کیمپس کے قریب ستیہ نکیتن میں پیئنگ گیسٹ عمارت منہدم ہونے کے واقعے کے بعد دائر کی جا رہی ہے۔ اس حادثے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔ عدالت نے کہا کہ عبوری طور پر ہاسٹل کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ اسی معاملے پر پیر کو ایک دوسری مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرکے حکم جاری کیا جا چکا ہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ دوسری عرضی میں مختلف مطالبات کیے گئے تھے، جن میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی عرضی میں ہر کالج کو طلبہ کے لیے ہاسٹل کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ بنچ نے کہا، ’’کیا ہم عبوری طور پر ایسی ہدایت جاری کر سکتے ہیں؟ عرضی داخل کیجیے، اس پر کل سماعت کی جائے گی۔‘‘

ہائی کورٹ نے پیر کو ستیہ نکیتن عمارت حادثے کی میونسپل کارپوریشن آف دہلی (MCD) سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ حکومت اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔ ہائی کورٹ نے اس واقعے کو ’’انتہائی افسوسناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی سانحات میونسپل کارپوریشن آف دہلی اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات میں کمی کا نتیجہ ہیں۔ عدالت نے حکام کو ریسکیو کارروائیوں میں دوگنا کوشش کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ مزید جانیں بچائی جا سکیں۔

عدالت نے کہا تھا کہ اس واقعے نے دہلی یونیورسٹی یا حکومت کے زیر انتظام ہاسٹل سمیت طلبہ کے لیے ناکافی رہائشی سہولیات، ان کی حفاظت و سلامتی اور پیئنگ گیسٹ سہولیات کو منظم کرنے کے لیے ایم سی ڈی اور دیگر حکام کی جانب سے ناکافی اقدامات پر گہری تشویش پیدا کی ہے۔ پیر کو عمارت کے مالک ہری رام گپتا اور ان کی اہلیہ کو یہاں کی ایک ٹرائل کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں سے دونوں کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ ان کے بیٹے کو دو روزہ پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔