دہلی ہائی کورٹ نے پے ٹی ایم بینک بند کرنے کا حکم دیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-07-2026
دہلی ہائی کورٹ نے پے ٹی ایم بینک بند کرنے کا حکم دیا
دہلی ہائی کورٹ نے پے ٹی ایم بینک بند کرنے کا حکم دیا

 



ممبئی: ہندوستانی ریزرو بینک (آر بی آئی) نے منگل کو بتایا کہ دہلی ہائی کورٹ نے پے ٹی ایم پیمنٹس بینک لمیٹڈ (PPBL) کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ آر بی آئی نے اپریل 2026 میں ضابطہ جاتی اصولوں کی خلاف ورزی کے باعث پی پی بی ایل کا بینکنگ لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔

مرکزی بینک کے مطابق، بینک کا کام کاج جمع کنندگان کے مفادات کے خلاف پایا گیا، جس کے بعد آر بی آئی نے دہلی ہائی کورٹ میں بینک کو بند کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ آر بی آئی نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ نے 8 جولائی اور 22 جولائی کے اپنے احکامات میں بینکنگ ریگولیشن ایکٹ 1949 اور کمپنیز ایکٹ 2013 کی متعلقہ دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے پے ٹی ایم پیمنٹس بینک کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عدالت نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے سابق چیف جنرل منیجر گیری کمار ایم نائر کو پے ٹی ایم پیمنٹس بینک کا سرکاری لیکویڈیٹر (Official Liquidator) مقرر کیا ہے۔ آر بی آئی کے مطابق عدالت کے حکم کے تحت 8 جولائی 2026 سے لیکویڈیٹر بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام اختیارات استعمال کریں گے۔ واضح رہے کہ آن لائن ادائیگی کے پلیٹ فارم پے ٹی ایم کی ذیلی کمپنی پی پی بی ایل کے خلاف اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ ضابطہ جاتی کارروائیاں ہو چکی ہیں۔ سال 2022 میں اسے نئے صارفین شامل کرنے سے روک دیا گیا تھا، جبکہ 2024 میں اس کی ڈپازٹ اور دیگر خدمات پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔