نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) قومی دارالحکومت کے اہم تاریخی مقامات کے ذریعے شہر کی ترقی کے سفر کو اجاگر کرنے کے مقصد سے مئی سے جولائی کے درمیان "ہیریٹیج واک" اور سمینارز کی ایک سلسلہ وار تقاریب منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
حکام نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق "سمر سرکٹ" کے نام سے تجویز کردہ اس اقدام کے تحت ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے ہفتہ کو پروگرام منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ تین ماہ کی مدت میں کل چھ صبح سویرے ہیریٹیج واک منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ان واکس کو صبح کے وقت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان راستوں میں شہر کے اہم تاریخی مقامات شامل ہوں گے، جن میں لال کوٹ، قطب کمپلیکس، فیروز شاہ کوٹلہ قلعہ اور شاہجہان آباد کے کچھ حصے شامل ہیں، جبکہ وہاں موجود قدیم دروازوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ لال کوٹ کو دہلی کی سب سے قدیم قلعہ بند بستی تصور کیا جاتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس پروگرام کا فیصلہ حال ہی میں ایم سی ڈی کی ورثہ سے متعلق اقدامات کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیریٹیج واک اور سیمینار کے لیے کوئی الگ فیس نہیں لی جائے گی، تاہم جن مقامات پر داخلہ فیس لاگو ہے وہاں شرکاء کو وہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ جولائی میں مجوزہ ایک واک موریہ دور کے آثار پر مرکوز ہوگی، جس میں اشوک سے منسوب کتبے اور ستون شامل ہوں گے۔
میونسپل کارپوریشن نے اس سے قبل 2024 کے موسم سرما میں بھی اسی نوعیت کی ہیریٹیج واک سیریز منعقد کی تھی، جس میں قطب مینار سمیت شہر کے قرونِ وسطیٰ کے آباد علاقوں کو شامل کیا گیا تھا۔ ہیریٹیج واک ایک رہنمائی شدہ یا خود رہنمائی پر مبنی پیدل سفر ہوتا ہے جس کا مقصد کسی مخصوص علاقے کی تاریخی، ثقافتی اور تعمیراتی اہمیت کو دریافت کرنا ہوتا ہے۔ اس کا مقصد مقامی سیاحت کو فروغ دینا اور لوگوں کو شہر کی تاریخ اور سماجی زندگی سے قریب لانا ہوتا ہے۔