دہلی: گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ، الرٹ جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-06-2025
دہلی: گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ، الرٹ جاری
دہلی: گرمی نے توڑے تمام ریکارڈ، الرٹ جاری

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دارالحکومت میں گرمی کی شدت نے عوام کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ آسمان سے گویا آگ برس رہی ہے، اور کولر و اے سی بھی ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ دن ہو یا رات، لوگ پسینے میں شرابور نظر آتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو لُو کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، جس کے دوران کئی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.2 ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا۔
رات میں بھی گرمی نے سکون نہیں دیا اور درجہ حرارت معمول سے 4.0 ڈگری زائد 43.9 ڈگری درج ہوا، جو کہ اس سیزن کا سب سے گرم دن رہا۔ کم از کم درجہ حرارت بھی معمول سے 2.7 ڈگری کم ہوکر 30.7 ڈگری درج ہوا۔ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری کو بھی پار کر گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہوا میں نمی کی کم از کم سطح 39 فیصد رہی جبکہ ہیٹ انڈیکس 54.4 ریکارڈ کیا گیا، یعنی لوگوں کو اتنی ہی شدید گرمی محسوس ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ 13 جون تک کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ لوگ گرمی اور لُو کی شدت کا سامنا کرتے رہیں گے۔
جمعہ کو بارش کی امید
محکمہ موسمیات نے 13 جون سے بارش کی امید ظاہر کی ہے، جس سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ جمعہ کو جزوی طور پر آسمان میں بادل چھائے رہنے، ہلکی بارش، بجلی کی گرج چمک اور تیز ہوائیں (40-60 کلومیٹر فی گھنٹہ) چلنے کی پیش گوئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 اور کم از کم 29 ڈگری کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔
تاہم اصل پریشانی "ہیٹ انڈیکس" کی ہے، جو 50 ڈگری سے بھی تجاوز کر رہا ہے۔ ہیٹ انڈیکس وہ درجہ حرارت ہوتا ہے جو نمی کے ساتھ مل کر محسوس ہوتا ہے، جیسے انسان بھٹی کے سامنے کھڑا ہو۔ دہلی میں 14 سے 17 جون تک درجہ حرارت میں کچھ کمی ممکن ہے اور ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ 13 جون سے مغربی ہواؤں کی آمد متوقع ہے جو جزوی بارش اور گرج چمک کے ساتھ کچھ سکون فراہم کر سکتی ہیں۔
اتنی شدید گرمی کیوں؟
عالمی حدت کا اثر: پوری دنیا کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے اور ہندوستان کا دارالحکومت بھی اس سے محفوظ نہیں۔
شہری گرمی کی جال میں دہلی: کنکریٹ کے جنگل، درختوں کی کمی اور گاڑیوں کی بہتات گرمی کو اور بڑھا رہے ہیں۔
موسمی چکر میں بگاڑ: مانسون کے پیٹرن میں تبدیلی اور مغربی ہواؤں کی غیر یقینی صورتحال نے سردی اور گرمی دونوں کو انتہاؤں تک پہنچا دیا ہے۔